دھرم سروپ کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
لطف و کرم کچھ اور ہوا چاہتا ہے آج (غزل)
لطف و کرم کچھ اور ہوا چاہتا ہے آج
اب تک نہ تھا روا جو ستم وہ روا ہے آج
غفلت شعاریوں میں نوازش کی ہے جھلک
شوخی میں ان کی ایک نئی سی ادا ہے آج
ہونٹوں پہ ان کے برق تبسم ہوئی عیاں
آنکھوں میں ایک مست گھٹا رونما ہے آج
صبر آزما خموش نگاہوں نے دیکھیے
کچھ اختیار رنگ تکلم کیا ہے آج
تاریکیاں مٹیں شب ہجراں ہوئی تمام
اس رخ پہ رنگ و نور شفق کھل رہا ہے آج