دیپک جین دیپ کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
کھونے کا ملال رہ گیا (غزل)
کھونے کا ملال رہ گیا
آئنے میں بال رہ گیا
تیرے بعد اپنا مشغلہ
غم کی دیکھ بھال رہ گیا
تیرے اس ہنر کے سامنے
میرا سب کمال رہ گیا
پہلے تیرے رنگ تھے وہاں
مکڑیوں کا جال رہ گیا
شام سے ضد پر اڑے ہیں (غزل)
شام سے ضد پر اڑے ہیں
خواب پلکوں پر کھڑے ہیں
یہ شکن آلود بستر
نیند کے ٹکڑے پڑے ہیں
رات کی کالی ردا میں
قیمتی موتی جڑے ہیں
رات بھر پاگل ہوا سے
گھر کے دروازے لڑے ہیں
ہو سکے تو سر جھکا لے
وقت کے تیور کڑے ہیں