پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

داؤد سید کی غزلیں — Dawood Syed Ghazals

داؤد سید کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

امیدوں کو آگ لگائے رستہ کھولے بیٹھا ہوں (غزل)

امیدوں کو آگ لگائے رستہ کھولے بیٹھا ہوں

میرا عشق اسے پنجرہ تھا پنجرہ کھولے بیٹھا ہوں

چاہے مجھ کو شاعر بولو چاہے مجھ کو دیوانہ

ہاتھ میں کچھ غزلوں کو تھامے ماتھا کھولے بیٹھا ہوں

وہ اب جانے کس کی خاطر زلفیں کھولے پھرتی ہے

میں اب جانے کس کی خاطر سینہ کھولے بیٹھا ہوں

دل کوئی کشکول ہے تھوڑی جو خیرات سے بھر جائے

کل ایمان سمیٹے آؤ کعبہ کھولے بیٹھا ہوں

کون خدا تاریخ سے لڑ کر خوف کا باب نکالے گا

خون سے لت پت لاش پہ بیٹھا بستہ کھولے بیٹھا ہوں

ہائے کیا طوفان چھپا پھرتا تھا میری نس نس میں

ایک کلائی کاٹ کے بہتا دریا کھولے بیٹھا ہوں

اب اس لیے بھی دشت میں آتا نہیں کوئی (غزل)

اب اس لیے بھی دشت میں آتا نہیں کوئی

ٹوٹے دلوں کا سوگ مناتا نہیں کوئی

ہر دن تری گلی کا پتہ پوچھتا ہوں میں

ہر دن میں پوچھتا ہوں بتاتا نہیں کوئی

دل بھی شکستہ قبر پہ رکھے دیے سا ہے

اک بار بجھ گیا تو جلاتا نہیں کوئی

ڈر ہے انہیں کہیں میں تماشہ بنا نہ دوں

میرا وجود ڈھونڈ کے لاتا نہیں کوئی

قبلہ بدل کے اس کی طرف چل پڑا ہوں میں

اندھے کو راستہ بھی دکھاتا نہیں کوئی

ہر ایک رمز آپ کی آنکھوں میں قید ہے

اتنا سمندروں میں سماتا نہیں کوئی