پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

داؤد غازی کی غزلیں — Daud Ghazi Ghazals

داؤد غازی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

تمام وقت تمہیں سے کلام کرتے ہیں (غزل)

تمام وقت تمہیں سے کلام کرتے ہیں

شب فراق کا یوں اہتمام کرتے ہیں

سجائے رکھتے ہیں ہر وقت ہم نئے دن رات

تمہارے واسطے یہ التزام کرتے ہیں

خیال یار سے کرتے ہیں صبح کا آغاز

امید یار کے سائے میں شام کرتے ہیں

کہاں مٹے ہیں کسی سے نقوش اہل شوق

جو نا سمجھ ہیں وہ یہ سعیٔ خام کرتے ہیں

چھپا کے رکھے ہیں ساقی نے ساغر و مینا

اسی سبب تو فغاں تشنہ کام کرتے ہیں

یہ بے سبب تو نہیں اتنے شہرۂ آفاق

تمہارے نام سے ہم اپنا نام کرتے ہیں

غم حیات سے آداب زندگی سیکھے

غم حیات کا ہم احترام کرتے ہیں

غم حیات میں جیسے بھی زندگی کی ہے (غزل)

غم حیات میں جیسے بھی زندگی کی ہے

تمہاری یاد تو لیکن کبھی کبھی کی ہے

جو غم ملا تھا تو یہ چاہا غم زیاد ملے

سیاہ شب میں تمنائے روشنی کی ہے

حیات ساتھ میں لائی ہے موت کا ساماں

کسی نے ہم سے بہت خوب دل لگی کی ہے

یہ غم کی رات نہیں جس کی انتہا کوئی

ترے بغیر بسر کچھ عجیب سی کی ہے

نگاہ یار کا اس میں کوئی قصور نہیں

کہ ہم نے دل کی خرابی تو آپ ہی کی ہے

جب انسان نے پڑھنا سیکھا (نظم)

جب انسان نے پڑھنا سیکھا

پڑھنے لگا تہذیب کی آیت

مٹی

ہوا

اور پانی

دشمن سارے

بن گئے یار

اس کی آیت کی تفسیریں اب

اتنی ہیں

کہ عقل ہے دنگ

لیکن اک ایسی ہے بات

جس سے کہ بنتی ہے بات

ان بے گنتی تفسیروں کی

ہر اک انساں انساں ہے

گرنے لگیں دیواریں

کھلنے لگے دروازے

جن لوگوں نے

دیواریں بنوائی ہیں

بھول گئے تہذیب کی آیت