پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

دشمیش گل فیروز کی غزلیں — Dashmesh Gill Firoze Ghazals

دشمیش گل فیروز کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

مر کے بھی کوئے صلیب و دار سے اٹھے نہیں (غزل)

مر کے بھی کوئے صلیب و دار سے اٹھے نہیں

بک گیا سب پھر بھی ہم بازار سے اٹھے نہیں

ایک غم ایسا کہ جو غم خوار سے اٹھے نہیں

اور دوا ایسی کہ جو بیمار سے اٹھے نہیں

قتل کی اپنے خبر چھپوا نہیں لی جب تلک

تب تلک ہم دفتر اخبار سے اٹھے نہیں

ہار جانے کے سبھی الزام ان کے سر گئے

چند لاشے جو سپہ سالار سے اٹھے نہیں

آپ کے دکھ بھی نہیں بانٹے گئے تو کیا ہوا

کچھ مرے غم بھی مرے غم خوار سے اٹھے نہیں

رہا نہ جب کوئی حیلہ تجھے بھلانے کا (غزل)

رہا نہ جب کوئی حیلہ تجھے بھلانے کا

پکڑ لیا گیا رستہ شراب خانے کا

خموشیٔ شب تیرہ نے کر دیا پاگل

وگرنہ شوق تھا کس کو مکاں جلانے کا

خدا نئی کوئی دنیا بنا رہا ہوگا

سو اس کو وقت نہیں اب زمیں پہ آنے کا

مری فنا میں تو شامل تھا ساتھ غیروں کے

سو کوئی نام نہیں میں زباں پہ لانے کا

میں اپنے آپ سے روٹھا ہوا ہوں پاس مرے

نہیں ہے وقت کسی اور کو منانے کا

کہا ہے سب نے میں صحرا میں جا کے بس جاؤں

وہی خیال ہے میرا جو ہے زمانے کا

تصور غم ہجراں میں مبتلا ہو کر

میں وصل کے حسیں لمحے نہیں گنوانے کا

ہر ایک دور کا ہر زخم ہے عزیز ہمیں

نہیں ہے فرق ہمیں اب نئے پرانے کا

یہ شام اور یہ شرابیں یہ محفل یاراں

یہی تو وقت ہے دن بھر کے غم بھلانے کا