پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

دانش فراہی کی غزلیں — Danish Farahi Ghazals

دانش فراہی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

شیشے سے زیادہ نازک تھا یہ شیشۂ دل جو ٹوٹ گیا (غزل)

شیشے سے زیادہ نازک تھا یہ شیشۂ دل جو ٹوٹ گیا

مت پوچھو کہ مجھ پر کیا گزری جب ہاتھ سے ساغر چھوٹ گیا

تاریکئ محفل کا شکوہ تم کرتے ہو اے دیوانو کیوں

خود شمع بجھا دی ہے تم نے خود بخت تمہارا پھوٹ گیا

ساقی کی نظر اٹھتی ہی نہیں کیوں بادہ و ساغر کی جانب

سرمایۂ مے خانہ آ کر کیا کوئی لٹیرا لوٹ گیا

محرومیٔ قسمت کا عالم کیا پوچھ رہے ہو تم مجھ سے

منزل تو ابھی ہے دور بہت اور اک اک ساتھی چھوٹ گیا

اٹھتا ہے دانشؔ دل سے دھواں آنکھوں سے ٹپکتے ہیں آنسو

کیا آتش غم دینے لگی لو کیا دل کا پھپھولا پھوٹ گیا

دل تھا بے کیف محبت کی خطا سے پہلے (غزل)

دل تھا بے کیف محبت کی خطا سے پہلے

لطف ایسا نہیں آیا تھا سزا سے پہلے

ہائے انداز محبت بھی عجب تھا ان کا

کر رہے تھے وہ جفا مجھ پہ وفا سے پہلے

کس قدر تیری دعاؤں میں اثر تھا اے دوست

ہو گیا ہوں میں صحت یاب دوا سے پہلے

کیا بتاؤں تجھے ہمدم کہ تھا ابتر کتنا

حال میرا ترے دامن کی ہوا سے پہلے

بات یہ میری ذرا غور سے سن لو دانشؔ

کام کرنا نہ کوئی نام خدا سے پہلے