پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

دانش اعجاز کی غزلیں — Danish Ejaz Ghazals

دانش اعجاز کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

مجرم ہوں اگر مجھ کو سزا کیوں نہیں دیتے (غزل)

مجرم ہوں اگر مجھ کو سزا کیوں نہیں دیتے

اپنا ہوں تو پھر مجھ کو صدا کیوں نہیں دیتے

کچھ اور نہیں شکوہ شکایت ہی کرو تم

اس بجھتی محبت کو ہوا کیوں نہیں دیتے

تم لوٹ بھی جاؤ تو اثر دیر تلک ہو

ملتے ہوئے یہ ہاتھ دبا کیوں نہیں دیتے

پھر دیکھ کے صاحب جی اسی خاص نظر سے

امید کے غنچوں کو کھلا کیوں نہیں دیتے

اک بات ہی کہنی ہے مگر لوگ بہت ہیں

کچھ وقت مجھے ان کے سوا کیوں نہیں دیتے

دل کو جس چیز کی حسرت ہے ہمیں جانتے ہیں (غزل)

دل کو جس چیز کی حسرت ہے ہمیں جانتے ہیں

وہ کوئی چاند سی صورت ہے ہمیں جانتے ہیں

ہمیں کس شخص کی عادت ہے تمہی جانتے ہو

تمہیں کس شخص کی عادت ہے ہمیں جانتے ہیں

تیرا ہنسنا تو قیامت ہے ہمیں ہے معلوم

تیرا رونا بھی مصیبت ہے ہمیں جانتے ہیں

یوں تو دعویٰ ہے محبت کا تمہیں ہم سے مگر

تمہیں جس جس سے محبت ہے ہمیں جانتے ہیں

یوں تو آسان سا رستہ ہے تمہارے گھر کا

تیرے ملنے میں جو محنت ہے ہمیں جانتے ہیں

غم دوراں سے تو بیگانہ ہوئے ہیں دانشؔ

تیرے غم کی جو عنایت ہے ہمیں جانتے ہیں