پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

اختر مادھو پوری کی غزلیں — Akhtar Madhupuri Ghazals

اختر مادھو پوری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

حال دل بھی سنا کے کیا ہوگا (غزل)

حال دل بھی سنا کے کیا ہوگا

بے وفا کیسے با وفا ہوگا

درد حد سے اگر سوا ہوگا

جان جائے گی اور کیا ہوگا

نا توانوں پہ سو طرح کے ستم

سوچ انجام ظلم کیا ہوگا

جان دے دیں گے راہ الفت میں

یوں محبت کا حق ادا ہوگا

ہم تو جور و جفا کے خوگر ہیں

آپ سے اس کا کیا گلہ ہوگا

سود در سود بڑھتا جاتا ہے

قرض مشکل سے اب ادا ہوگا

روشنی آج اتنی تیز ہے کیوں

ہو نہ ہو میرا گھر جلا ہوگا

تیرگی پر ہوا تو اے اخترؔ

روشنی پر بھی تبصرہ ہوگا

خود کو بدلنا مشکل ہوگا (غزل)

خود کو بدلنا مشکل ہوگا

راستہ چلنا مشکل ہوگا

باہر باہر پہرے ہوں گے

گھر سے نکلنا مشکل ہوگا

گرنا تو آسان ہے لیکن

گر کے سنبھلنا مشکل ہوگا

مظلوموں کی آہ نہ لینا

پھولنا پھلنا مشکل ہوگا

آگ پہ چلنے کی لت ڈالو

پھول پہ چلنا مشکل ہوگا

کالی روٹی کھانے والو

اس کا نگلنا مشکل ہوگا

دل کو نہ کوئی روگ لگاؤ

دل کو بدلنا مشکل ہوگا

چھاؤں سے اخترؔ دل نہ لگانا

دھوپ میں چلنا مشکل ہوگا