اجمل صدیقی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
الگ الگ تاثیریں ان کی، اشکوں کے جو دھارے ہیں (غزل)
الگ الگ تاثیریں ان کی، اشکوں کے جو دھارے ہیں
عشق میں ٹپکیں تو ہیں موتی، نفرت میں انگارے ہیں
تم سے مل کر کھل اٹھتا تھا، تم سے چھوٹ کے پھیکا ہوں
اے رنگریز مرے چہرے کے سارے رنگ تمہارے ہیں
گرمی کی لو میں تپنے کے بعد ہی پانی کا ہے مزہ
تجھ کو جیتنا آساں تھا، ہم جان کے تجھ کو ہارے ہیں
اے پروائی میری خوشبو اس چوکھٹ کے دم سے ہے
تو بھی گزر کے دیکھ جہاں میں نے کچھ لمحے گزارے ہیں
منہ سے بتاؤ یا نہ بتاؤ تم ہم کو دل کی باتیں
جان من یہ نین تمہارے، یہ جاسوس ہمارے ہیں
ایسی بات ملن میں کب ہوگی جیسی اس پل میں ہے
سب کے بیچ میں میں ہوں، وہ ہے اور خاموش اشارے ہیں
تیرے منہ پر تیری ہم نے کبھی نہ کی تعریف ذرا
لکھنے بیٹھے تو کاغذ پر رکھ دئے چاند ستارے ہیں
خط جو تیرے نام لکھا، تکیے میں چھپا کے رکھتا ہوں (غزل)
خط جو تیرے نام لکھا، تکیے میں چھپا کے رکھتا ہوں
جانے کس امید پہ یہ تعویذ دبا کے رکھتا ہوں
تاکہ اک اک لفظ مرے لہجے میں تجھ سے بات کرے
خط کے ہر ہر لفظ کو خط پر خوب پڑھا کے رکھتا ہوں
آس پہ تیری بکھرا دیتا ہوں کمرے کی سب چیزیں
آس بکھرنے پر سب چیزیں خود ہی اٹھا کے رکھتا ہوں
ایک ذرا سا درد ملا اور کاغذ کالے کر ڈالے
ایک ذرا سے ہجر پہ اک ہنگامہ مچا کے رکھتا ہوں
عنبر، مشکیں، روح بہاراں جان افزا اور موج بہشت
اک تیری نسبت سے کیا کیا نام صبا کے رکھتا ہوں