پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

اجمل اجملی کی غزلیں — Ajmal Ajmali Ghazals

اجمل اجملی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

فرعون وقت کوئی بھی ہو سرکشی کرو (غزل)

فرعون وقت کوئی بھی ہو سرکشی کرو

یاران شہر میری طرح زندگی کرو

امرت نہیں نصیب تو زہراب ہی سہی

کچھ تو علاج شدت تشنہ لبی کرو

یہ ظلمت تمام مسلسل نہیں قبول

دل کا لہو بلا سے جلے روشنی کرو

منہ دیکھی دوستی سے اب اکتا گیا ہے دل

یارو کرو خلوص سے گو دشمنی کرو

ہم ہر نفس کھلائیں گے اپنے لہو سے پھول

تم اہتمام دار و رسن ہر گھڑی کرو

ہر شعر آبگینہ ہے موج خیال کا

لو کام احتیاط سے جب شاعری کرو

کلیاں کھلانے آئے گا جھونکا نسیم کا

تم راہ میں ہزار فصیلیں کھڑی کرو

دو پل کے ہیں یہ سب مہ و اختر نہ بھولنا (غزل)

دو پل کے ہیں یہ سب مہ و اختر نہ بھولنا

سورج غروب ہونے کا منظر نہ بھولنا

کتنی طویل کیوں نہ ہو باطل کی زندگی

ہر رات کا ہے صبح مقدر نہ بھولنا

یادوں کے پھول گھر سے اٹھا کر چلے تو ہو

دیکھو انہیں کسی جگہ رکھ کر نہ بھولنا

ماں نے لکھا ہے خط میں جہاں جاؤ خوش رہو

مجھ کو بھلے نہ یاد کرو گھر نہ بھولنا

حق پر اگر چلو گے تو ہر آڑے وقت میں

تم کو پناہ دے گی یہ چادر نہ بھولنا