پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

عالم اختر جاذب کی غزلیں — Aalim Akhtar Jaazib Ghazals

عالم اختر جاذب کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

تم نہ جانو تو بلا سے میری (غزل)

تم نہ جانو تو بلا سے میری

کون جیتا ہے دعا سے میری

چلتے جاتے ہیں ستارے گم سم

کچھ بدلتا ہے صدا سے میری

بات تو کر لوں مگر ضد کیسے

بات کچی ہے خدا سے میری

مجھ سے پہلے بھی کئی گزرے ہیں

کوئی کہہ دے یہ انا سے میری

نہ ہلے ایک بھی پتا مجھ سے

بات ہلکی ہے ہوا سے میری

جو بھی آیا ہوا آدھا واپس

کون ٹکتا ہے دوا سے میری

بد تمیزی تو بہت تھی اس کی

پھر بھی بہتر تھی وفا سے میری

مسکرا کر سوال کرتے ہیں (غزل)

مسکرا کر سوال کرتے ہیں

آپ مجھ کو نڈھال کرتے ہیں

میرے ہاتھوں پہ رکھ کے ہاتھ اپنے

میرے گالوں کو لال کرتے ہیں

میں تو بیمار ہوں کئی دن سے

میرا کیا وہ خیال کرتے ہیں

کچھ کریں یا نہیں کریں لیکن

بات تو بے مثال کرتے ہیں

بیٹھے رہتے ہیں آستینوں میں

دوست بھی کیا کمال کرتے ہیں

میرے ہونٹوں پہ رکھ کے ہاتھ اپنے

پھر مجھی سے سوال کرتے ہیں

روز اک مدعا نیا پا کر

روز خود کو نڈھال کرتے ہیں

ان کے جیسے تو آبگینوں میں

سانس لینا محال کرتے ہیں

ہم سراپا ہی آرزو ہیں پر

اپنے ہاتھوں کا حال کرتے ہیں

اپنے اس دل کی بات کرنے میں

کچھ بھی کہنا محال کرتے ہیں

گل نظر ہیں گل دہن ہیں گل بدن (نظم)

گل نظر ہیں گل دہن ہیں گل بدن

ہیں علیل جذبۂ شعر و سخن

منہ دکھائی حسن جاں کی بے لگن

ہے منادی اس جنوں کی جان من

تیغ بازی کر چکا وہ گل بدن

اب مہکتا ہے لہو سے پیرہن

رقص کرتے تھے ہزاروں نیم تن

اس کا ہائے اللہ اللہ بانک پن

ہم ہی گل ہیں اور صبا ہیں اور چمن

ہم ہی آہو ہم ہی کل صیاد و بن

پتا پتا بوٹا بوٹا شعر و فن

جلوہ گاہ تیغ دست سیم تن

صبح کا نکلا ہوا اور شام کو

ہے لہو میں تر بہ تر وہ پیرہن

خواہش گفتار سے اٹھا خدا

آ گئی کن کی صدا پھر دفعتاً

گو زباں آئی زمانے میں تبھی

جب ہوا پیدا خدا کا ہم سخن

گر رہیں گی اس کے منہ سے بجلیاں

کچھ وراثت کچھ ہنر ہے کچھ پھبن

یعنی یعنی یہ غلام مرتضیٰ

جاذبؔ آشفتۂ گنگ و جمن