کرن میں پھر سے بدلنے لگا خیال اس کا
بیدار سرمدی
کرن میں پھر سے بدلنے لگا خیال اس کا
اتر رہا ہے نئے چاند پر جمال اس کا
گیا ہے شاخ سے وہ اس لیے کہ شاخ رہے
ہوا تو بیج کی صورت ہوا زوال اس کا
جیوں گا میں بھی ہمیشہ کہ جاوداں ہے وہ
میں جی رہا ہوں کہ یہ سال بھی ہے سال اس کا
وہ لے گیا ہے مری آنکھ اپنی بستی میں
کہ میرے ساتھ رہے رابطہ بحال اس کا
میں صرف پانی کی چھاگل سہی مگر بیدارؔ
ہوا گلاب مرے دم سے بال بال اس کا
مزید پڑھیں: بیدار سرمدی کی غزلیں — Bedar Sarmadi Ghazals کی مزید غزلیں

جواب دیں
تبصرہ کرنے سے پہلے آپ کا لاگ ان ہونا ضروری ہے۔