پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

بیدار سرمدی کی غزلیں — Bedar Sarmadi Ghazals

بیدار سرمدی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

کرن میں پھر سے بدلنے لگا خیال اس کا (غزل)

کرن میں پھر سے بدلنے لگا خیال اس کا

اتر رہا ہے نئے چاند پر جمال اس کا

گیا ہے شاخ سے وہ اس لیے کہ شاخ رہے

ہوا تو بیج کی صورت ہوا زوال اس کا

جیوں گا میں بھی ہمیشہ کہ جاوداں ہے وہ

میں جی رہا ہوں کہ یہ سال بھی ہے سال اس کا

وہ لے گیا ہے مری آنکھ اپنی بستی میں

کہ میرے ساتھ رہے رابطہ بحال اس کا

میں صرف پانی کی چھاگل سہی مگر بیدارؔ

ہوا گلاب مرے دم سے بال بال اس کا

چلو یوں ہی سہی اب تم نہ آنا اس طرف سمجھے (غزل)

چلو یوں ہی سہی اب تم نہ آنا اس طرف سمجھے

کہیں ایسا نہ ہو تم کو زمانہ اس طرف سمجھے

مجھے معلوم ہے تم خود کو بھی دھوکے میں رکھوگے

تمہیں لے آئے گا کوئی بہانہ اس طرف سمجھے

مکرر اس لئے آتا رہا ہوں سامنے اس کے

وہ پاگل ہے کبھی اپنا نشانہ اس طرف سمجھے

مجھے دکھ بھی ہوا لیکن انہیں سمجھانا لازم تھا

جدھر میں تھا پرندے آب و دانا اس طرف سمجھے

محبت یا ضرورت نام دیں بیدارؔ جی کوئی

رہے گا آپ کا اب آنا جانا اس طرف سمجھے