بیدل حیدری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
ہم تم میں کل دوری بھی ہو سکتی ہے (غزل)
ہم تم میں کل دوری بھی ہو سکتی ہے
وجہ کوئی مجبوری بھی ہو سکتی ہے
پیار کی خاطر کچھ بھی ہم کر سکتے ہیں
وہ تیری مزدوری بھی ہو سکتی ہے
سکھ کا دن کچھ پہلے بھی چڑھ سکتا ہے
دکھ کی رات عبوری بھی ہو سکتی ہے
دشمن مجھ پر غالب بھی آ سکتا ہے
ہار مری مجبوری بھی ہو سکتی ہے
بیدلؔ مجھ میں یہ جو اک کمی سی ہے
وہ چاہے تو پوری بھی ہو سکتی ہے
دریا نے کل جو چپ کا لبادہ پہن لیا (غزل)
دریا نے کل جو چپ کا لبادہ پہن لیا
پیاسوں نے اپنے جسم پہ صحرا پہن لیا
وہ ٹاٹ کی قبا تھی کہ کاغذ کا پیرہن
جیسا بھی مل گیا ہمیں ویسا پہن لیا
فاقوں سے تنگ آئے تو پوشاک بیچ دی
عریاں ہوئے تو شب کا اندھیرا پہن لیا
گرمی لگی تو خود سے الگ ہو کے سو گئے
سردی لگی تو خود کو دوبارہ پہن لیا
بھونچال میں کفن کی ضرورت نہیں پڑی
ہر لاش نے مکان کا ملبہ پہن لیا
بیدلؔ لباس زیست بڑا دیدہ زیب تھا
اور ہم نے اس لباس کو الٹا پہن لیا
مجھے اک گیت لکھنا ہے اور ایسا گیت لکھنا ہے (نظم)
مجھے اک گیت لکھنا ہے اور ایسا گیت لکھنا ہے
کسی نے آج تک لکھا نہیں جس کو
کسی نے آج تک گایا نہیں جس کو
مجھے اک گیت لکھنا ہے
اسی دھرتی کے دل کا گیت لکھنا ہے
اور اس میں اپنے دل کی دھڑکنیں بھی مجھ کو لکھنی ہیں
دلوں کی زود اثر جادوگری کا گیت لکھنا ہے
کہ تسخیر دو عالم ہو عروج ابن آدم ہو
بنام امن لکھنا ہے
اور اس کی فاختہ دھن بھی مجھے خود ہی بنانی ہے
یہی اب دل میں ٹھانی ہے
مقدس گیت لکھنا ہے
مجھے ماں کے لیے اک گیت لکھنا ہے
کہ جس نے دہر میں پیدا کیا پیغمبروں دانشوروں اور سورماؤں کو
مجھے یہ گیت بیدلؔ اس لیے لکھنا ہے اور سب کو سنانا ہے
کہ مجھ کو میری ماں نے اور خدا نے
صرف اسی مقصد کی خاطر زندگی دی ہے