بیدل سرحدی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
زندگی ہر زاویے ہر رخ سے سمجھاتی رہی (غزل)
زندگی ہر زاویے ہر رخ سے سمجھاتی رہی
ہوش میں آ جاؤ وہ اگلی ہوا جاتی رہی
معجزہ تھا ہر دعا میں جب نہ تھی کوئی غرض
ہاتھ پھیلائے تو تاثیر دعا جاتی رہی
پہنچے منزل تک مگر ہم کس طرح پہنچے نہ پوچھ
ہر قدم پر پاؤں سے زنجیر ٹکراتی رہی
آس وعدے خواب ارماں آرزوئیں حسرتیں
زندگی کیا کیا کھلونے دے کے بہلاتی رہی
یوں تو یہ دنیا تھی ہر پہلو سے ناسور نظر
عمر بھر لیکن طبیعت تھی کہ للچاتی رہی
اپنی فطرت ہی میں اکھڑ پن ہے اس کو کیا کریں
شہر میں رہ کر بھی یہ کمبخت دیہاتی رہی
کس بلندی پر تھا پہلے آج کس پستی میں ہوں
فکر یہ بیدلؔ مجھے گھن کی طرح کھاتی رہی
کس دھاندلی سے صبح کو کہتے ہیں شام لوگ (غزل)
کس دھاندلی سے صبح کو کہتے ہیں شام لوگ
دینے لگے ہیں جھوٹ کو سچ کا مقام لوگ
چہرے کی دھول پر نہ پڑے گی کبھی نگاہ
الزام آئنوں پہ رکھیں گے تمام لوگ
ظلمت کو نور زہر کو امرت کہا کرو
کہتے ہیں زندگی کے مدار المہام لوگ
نا اہل کو عروج ہنر مند کو زوال
حیراں ہیں دیکھ دیکھ کے الٹا نظام لوگ
ہے دیدنی خیال و عمل کا تضاد بھی
نفرت ہے دل میں کرتے ہیں منہ پر سلام لوگ
مہر و مہ و نجوم تو تسخیر کر لیے
اور اپنے نفس ہی کو نہ کر پائے رام لوگ
خوشیوں کے غم میں اشک بہاتے ہیں کس لیے
موتی سے کیوں چکاتے ہیں پتھر کے دام لوگ
بیدلؔ یہ نیک و بد کو تو پہچانتے بھی ہیں
پھر جانے کیوں برائی سے لیتے ہیں کام لوگ