پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

بینا گوئندی کی غزلیں — Beena Goindi Ghazals

بینا گوئندی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

چاندنی رات میں بلاؤں تجھے (غزل)

چاندنی رات میں بلاؤں تجھے

دھڑکنیں دل کی میں سناؤں تجھے

تیرے پہلو میں رکھ کہ دل اپنا

چاند راتوں میں گنگناؤں تجھے

کچھ کہے ان کہے سوال کروں

اور یوں پھر سے آزماؤں تجھے

اپنی ہستی کو بھول سکتی ہوں

کیسے ممکن ہے بھول جاؤں تجھے

آنسوؤں کی تپش میں جلتی ہوں

کاش اس میں کبھی جلاؤں تجھے

کٹی پتنگ ہوں میں اور بے سہارا ہوں (غزل)

کٹی پتنگ ہوں میں اور بے سہارا ہوں

مجھے کہا نہیں اس نے کہ میں تمہارا ہوں

یہ مجھ میں آتش بے سوز جلتی رہتی ہے

میں روشنی ہوں میں جگنو ہوں استعارہ ہوں

ترے حصول کی گردش میں کھو گئی ہوں میں

مجھے بتا کہ میں ذرہ ہوں یا ستارا ہوں

میں ایک قطرۂ شبنم ہوں دیدہ ور کے لیے

جو کج نگاہ ہیں ان کے لیے شرارہ ہوں

میں ایک عمر سے بنتی ہوں خواب چاہت کے

حصار دیدۂ نمناک میں خسارہ ہوں

رات کا آخری پہر بھی (نظم)

رات کا آخری پہر بھی

رخت سفر باندھ رہا ہے

میرے کمرے میں خاموشی اور تاریکی

دو بوڑھی سہیلیوں کی طرح ایک دوسرے میں گم ہیں

میں ہاتھ میں گرم چائے کی پیالی لیے

سوچ رہی ہوں کہ مجھے کیا سوچنا چاہیے

کیا اسے

جو میرا کچھ بھی نہیں

تو پھر اسے کیا سوچنا

چلو اپنے مستقبل کے روشن خواب

آنکھوں میں زندہ کرتے ہیں

مگر خواب

کیا ان کی تعبیر واقعی روشن ہوگی

کسے خبر ہے

اچانک کیسے مرغے کی آواز آئی

اور مجھے یوں لگا جیسے

اس نے دور سے کسی کو پکارا ہو

پکار

میں نے ایسا کیوں سوچا

کیا میرے سینے میں بھی کوئی پکار دفن ہے

نہیں چھوڑو

اور پھر بہت سے مرغے چلانے لگے

جیسے کسی بچھڑے ہوئے کا ماتم کر رہے ہوں

اف پھر کیا خیال آیا

میں ان کی آوازوں کو وصل کا گیت بھی تو کہہ سکتی تھی

مجھے یہ آوازیں نوحہ کیوں لگیں

کیا میرے اندر بھی کسی سے بچھڑنے کا غم پنہاں ہے

نہیں تو

مجھے کسی سے بچھڑنے کا غم کیوں کر ہوا

ارے

کوئی کتا بھونکا

میں نے کھڑکی سے باہر جھانکا

اندھیرا دور تک

اور اندھیرے سے مجھے پھر کچھ یاد آیا

اندھیرا اندھیرا

وہ بھی تو اپنے ماحول کو

اندھیرا کہا کرتا ہے ناں

وہ وہ

لیکن نہیں

مجھے اسے نہیں سوچنا

تو پھر

مزید غزلیں از بینا گوئندی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں