بیدار بھوپالی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
پھولوں سے محبت ہے سب کو کانٹوں سے کسی کو پیار نہیں (غزل)
پھولوں سے محبت ہے سب کو کانٹوں سے کسی کو پیار نہیں
خوشیوں میں زمانہ ساتھی ہے غم ہوں تو کوئی غم خوار نہیں
فانی ہے یہاں کی ہر اک شے پھر تیری میری ہستی کیا
دنیا پہ بھروسہ کیا کرنا دنیا کا کوئی معیار نہیں
ہر جور ستم منظور انہیں ہر ظلم گوارہ ہے ان کو
پھر بھی تو ترے دیوانوں کی قسمت میں ترا دیدار نہیں
ایک غم جو دیا ہے تو نے مجھے وہ عمر کا حاصل ہے میری
اب اس کے علاوہ کچھ مجھ کو مطلوب نہیں درکار نہیں
کہنے کو ہماری غزلوں میں ہر لفظ لہو کا قطرہ ہے
الفاظ مگر الفاظ نہیں اشعار مگر اشعار نہیں
ہیں ان سے تصور میں باتیں یادوں میں منور ہیں راتیں
میں کیسے سمجھ لوں سینے میں خوابیدہ ہے بیدار نہیں
جو لوگ زخم کا مرہم تلاش کرتے ہیں (غزل)
جو لوگ زخم کا مرہم تلاش کرتے ہیں
ہم ایسے لوگوں کو ہر دم تلاش کرتے ہیں
یہ کس کے اشک گرے ہیں گلوں کے دامن پر
کہ لوگ اشک میں شبنم تلاش کرتے ہیں
تمام کرتے ہیں زردار کی خبر گیری
مگر غریبوں کو ہی کم تلاش کرتے ہیں
سراغ ملتا ہے ان کو خدا کی قدرت کا
جو اس کے رازوں کو پیہم تلاش کرتے ہے
یہاں پہ ظلم تشدد سے آج تنگ آ کر
سکوں پسند بھی اب ہم تلاش کرتے ہیں
جو چاہتے ہیں بھلائی وطن کے متوالے
وہی تو امن کا پرچم تلاش کرتے ہیں
کبھی تو اپنے گریباں میں جھانک کر دیکھیں
جو عیب غیروں کے ہر دم تلاش کرتے ہیں