"فبأیّ آلاء رَبِکُما تُکذِبٰن”
دِل آزاری بھی ایک فن ھے
اور کچھ لوگ تو ساری زندگی
اِسی کی روٹی کھاتے ھیں
چاھے اُن کا بُرج کوئی بھی ھو
عقرب ھی لگتے ھیں
تیسرے درجے کے پیلے اخباروں پر یہ
اپنی یرقانی سوچوں سے
اور بھی زردی ملتے رھتے ھیں
مالا باری کیبن ھوں یا پانچ ستارہ ھوٹل
کہیں بھی قے کرنے سے باز نہیں آتے
اوپر سے اس عمل کو فقرے بازی کہتے ھیں
جس کا پہلا نشانہ عموماً
بل کو ادا کرنے والا ساتھی ھوتا ھے!
اپنے اپنے کنوئیں کو بحر اعظم کہنے
اور سمجھنے والے یہ ننھے مینڈک
ھر ھاتھی کو دیکھ کے پھولنے لگے ھیں
اور جب پھٹنے والے ھوں تو
ھاتھی کی آنکھوں پر پھبتی کسنے لگے ھیں
کوے بھی انڈے کھانے کے شوق کو اپنے
فاختہ کے گھر جا کر پورا کرتے ھیں
لیکن یہ وہ سانپ ھیں جو کہ
اپنے بچے خود ھی چَٹ کر جاتے ھیں
کبھی کبھی میں سوچتی ھُوں کہ
سانپوں کی یہ خصّلت
مالک جن و اِنس کی انسانوں کے حق میں
کیسی بے پایاں رحمت ھے۔
"پروین شاکر”

جواب دیں
تبصرہ کرنے سے پہلے آپ کا لاگ ان ہونا ضروری ہے۔