اتوار • 4 اکتوبر 2026ء

✦ منتخب غزلیں

وقت گزاری کرتے ہیں چپ چاپ یہاں ہم دخل نہیں دیتے او…


وقت گزاری کرتے ہیں چپ چاپ یہاں ہم
دخل نہیں دیتے اوروں کے نیک و بد میں
…
حمیدہ شاہین کا یومِ پیدائش
Jan 26, 1963
معروف شاعرہ حمیدہ شاہین ۲۶ جنوری ۱۹۶۳ء کو سرگودھا میں پیدا ہوئیں۔
….
کون بدن سے آگے دیکھے عورت کو
سب کی آنکھیں گروی ہیں اس نگری میں
….
ترے گیتوں کا مطلب اور ہے کچھ
ہمارا دھن سراسر مختلف ہے
……
فضا یوں ہی تو نہیں ملگجی ہوئی جاتی
کوئی تو خاک نشیں ہوش کھو رہا ہوگا
…..
ستارہ ہے کوئی گل ہے کہ دل ہے
تری ٹھوکر میں پتھر مختلف ہے
………………….
ہم غیر سمجھتے اسے ایسا بھی نہیں خیر
لیکن وہ کسی کا نہیں اپنا بھی نہیں خیر
جو سوچتے رہتے ہیں وہ کرنا نہیں ممکن
کرنے کے ارادے سے تو سوچا بھی نہیں خیر
شہرا ہے کہ رسوائی کی تصدیق ہے وہ شخص
شہرت کا بھروسہ کوئی ہوتا بھی نہیں خیر
کچھ بن کے دکھانے کی تمنا کا بنا کیا
اتنی سی تمنا میں تو بنتا بھی نہیں خیر
ہم اس کے لیے اپنی نظر میں برے ٹھہریں
اچھا ہے وہ اچھا بھئی اتنا بھی نہیں خیر
کچھ سینت کے رکھنے کا ہمیں شوق نہیں تھا
کچھ سینت کے رکھنے کے لیے تھا بھی نہیں خیر
گو ایک اذیت ہے ترا رنگ تغافل
یہ رنگ کسی اور پہ سجتا بھی نہیں خیر
اس شخص پہ تنہائی تو اترے گی بلا کی
جو ہے بھی نہیں خیر ہے لگتا بھی نہیں خیر
سب خیر ہو سب خیر ہو اے مجمع ظاہر
ہم بھیڑ کا حصہ نہیں تنہا بھی نہیں خیر
یہ خیر فقط لفظ نہیں فہم و یقیں ہے
جو خیر سمجھتا نہیں ہوتا بھی نہیں خیر
………………..
نظم ۔۔۔۔۔۔۔۔۔الٹا چکّر۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔حمیدہ شاہین
عجیب چکّر کوئی چلا ہے
جو شے جہاں سے اُٹھانا چاہی، اُٹھا نہ پائے
جہاں جو رکھاّ، وہاں وہ رکھاّ نہیں رہا ہے
جو لکھنا چاہا ، وہ لکھ نہ پائے
جو لکھاّ، معنی بدل گیا ہے
نصیب میں جو نہیں تھا ، اس کی تلاش میں زندگی لگا دی
جو ہاتھ میں تھا ، وہ بے خودی میں گنوا دیا ہے
جو بات کہنی تھی اس کی ہمّت جٹا نہ پائے
جو لب پہ آیا ، وہ حرف ہی غیر ہو گیا ہے
جو گیت ہم سننا چاہتے تھے
کسی نے اس کو کبھی نہ گایا ہماری خاطر
نہ تھی سماعت کو تاب جس کی
قدم قدم پر وہی سنا ہے
کسے سنائیں
،سفر ہے کیسا
کسے دکھائیں
تھکن کی جھولی میں کیا پڑا ہے
کسے بتائیں
ہماری آنکھوں میں کیا رُکا ہے
جو دل کے اندر ٹپک رہا ہے
بدن کے گنبد میں گونجتا ہے
ہمیں تو یہ بھی خبر نہیں ہے
ہماری گٹھڑی میں کیا بندھا ہے
جسے اُٹھائے ہماری عمریں گزر گئی ہیں
دعا ہے کوئی
کہ بد دعا ہے……
۔…..
…………..