اتوار • 4 اکتوبر 2026ء

✦ منتخب غزلیں

جس کو اکثر سوچا تھا تنہائی میں شامل ہے وہ شخ…


جس کو اکثر سوچا تھا تنہائی میں
شامل ہے وہ شخص میری رُسوائی میں

مجھ سے مت پوچھو وہ چہرا کیسا تھا؟
ڈوب گیا میں آنکھوں کی گہرائی میں

جاگتے رہنے کی کتنی ترغیبیں تھیں
اُس کی بوجھل تھکی ہوئی انگڑائی میں

تجھ سے آنکھ ملانا کتنا مشکل ہے
ورنہ سورج گُھل جائے بینائی میں

پیار بھی کرتا ہے وہ بے پروائی سے
نادانی کا رنگ بھی ہے دانائی میں!

کاش کوئی محمل کے اندر سن سکتا!
میری چیخ بھی شامل تھی شہنائی میں

وہ ِاک پل کو رُوٹھا تو محسوس ہوا
جیسے بیت گیا اِک سال جدائی میں

جاؤ اپنے جیسے لوگ تلاش کرو!
کیا پاؤ گے محسنؔ سے ہرجائی میں

سیّد محسنؔ نقوی

از:-عذابِ دید ۱۱۲/۱۱۳

انتخاب
سفیدپوش