پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

تاریک راہوں کے مسافر (ناول) مصنف: بالزاک Honoré d…

تاریک راہوں کے مسافر (ناول)

مصنف: بالزاک Honoré de Balzac
زبان: فرینچ French

انگریزی سے اُردو ترجمہ: رؤف کلاسرا Rauf Klasra
تبصرہ نگار: مسعود احمد Masood Ahmed

یہ مشہور فرانسیسی ناول نگار ہنری ڈی بالزاک کے ناول یوجین گرینڈ کا اُردو ترجمہ ہے جس نے تقریباً پچاس سال کی عمر پائی مگر فرانسیسی کیا عالمی ادب پر بھی انمٹ نقوش چھوڑے۔ رؤف کلاسرا جس نے زمانہ طالب علمی میں کتابوں سے اپنا رشتہ بھرپور طریقہ سے نبھایا، ادب کو بطور مضمون لیا، جہاں چھوٹے شہر میں بڑے اساتذہ میسّر آئے تو وہاں گھر میں بھی کچھ سازگار ماحول میسّر آیا اُردو ادب سے آشنائی کا سبب ایک بڑا بھائی بنا۔ سلیم کلاسرا جس کی بدولت سب رنگ کے توسط سکول کے طالب علم رؤف کلاسرا کی رسائی اُردو کے عالمی ادب سے ہوئی تو دوسری طرف انگریزی ادب تک وہ اپنے دوسرے بڑے بھائی ڈاکٹر نعیم کلاسرا کے طفیل پہنچ گیا۔ اگرچہ روزی روٹی کے لیے اسے صحافت کا اِنتخاب کرنا پڑا۔ صحافت جس کا کبھی ادب سے گہرا تعلق تھا مگر رفتہ رفتہ ادب کو صحافت کی چولی تنگ ہوتی گئی مگر رؤف کے اخباری کالم پڑھ کر بھی نہ جانے کیوں میری حالت اس گوالے جیسی ہو جاتی ہے جو دریا کے کنارے بیٹھا رو رہا تھا کہ اتنا پانی مفت میں ضائع ہو رہا ہے مگر یہ غنیمت ہے کہ کلاسرا اپنے اندر کے ادیب کو غیر محسوس طریقہ سے دریافت کرنے لگا ہے۔ ابھی کچھ دن پہلے اس کی کتاب گمنام گاؤں کا آخری مزار پڑھنے کا نشہ ہی نہیں اُترا تھا کہ بک کارنر جہلم والوں کی طرف سے انتہائی دیدہ زیب پیکنگ میں انتہائی عمدہ انداز میں رؤف کلاسرا کے کیے ہوئے تراجم کی دو کتابیں تاریک راہوں کے مسافر اور سُنہری آنکھوں والی لڑکی موصول ہوئیں۔ پتہ نہیں میرے لاشعور میں کہاں سے یہ بات بیٹھی ہوئی ہے کہ جن کی حیثیت موزوں ہوتی ہے ان کی طبعیت موزوں نہیں ہوتی۔ ممتاز مصنف مشفق خواجہ نے ایک بینک ایگزیکٹو کی شاعری پر تبصرہ کرتے ہوئے اسے سو گرام کے کاغذ پر دو گرام کی شاعری قرار دیا تھا۔ ان کا یہ تبصرہ کوئی بے محل بھی نہیں تھا۔ بات کدھر نکل گئی۔

ابھی ابھی تاریک راہوں کا مسافر پڑھ کر بیٹھا ہوں۔ میرے نزدیک ترجمہ کرنا نئے ادب کو تخلیق کرنے سے بھی مشکل کام ہے وہ بھی کسی عالمی سطح کی جانی مانی کتاب کا۔ یہ ایسا ہی ہے جیسے تاریخی ورثہ سے منسلک آثارِ قدیمہ کی کسی عمارت کو آپ اصل حالت میں کھڑا کرنے کا سوچ رہے ہوں۔ ایک اور بات جو بُک کارنر جہلم اور اس کے مالکان کے بارے میں کہی جا رہی ہے کہ وہ بڑے ادبی مراکز سے دُور بہت اچھی کتابیں چھاپ رھے ہیں۔ بھائی اگر کلاسرا لیہہ سے ہو کر ناطق اوکاڑہ 32 چک میں بیٹھ کر عالمی سطح کا ادب تخلیق کر سکتے ہیں اور ایسی کئی مثالیں ہیں۔ ہمارا اچھا ادب تقریباً مضافات سے جُڑے ادیبوں کے مرہونِ منت ہے۔ اس لیے بُک کارنر جہلم کے عمدہ اور معیاری کام پر متعجب ہونے کی ضرورت نہیں، بس ایسا لگتا ہے یہ دماغ سے زیادہ دِل سے کام لیتے ہیں۔

گرینڈ یوجین ہنری ڈی بالزاک کا ناول فرانس کے اٹھارویں صدی کے اواخر اور اُنیسویں صدی کے اوائل سے تعلق رکھتا ہے۔ یہ ناول فرانس کی اس وقت کی دیہی زندگی کا بالخصوص اور فرانسیسی معاشرت کا بلعموم احاطہ کرتا ہے۔
اچھا ادیب جتنا عُمدہ فطرت شناس ہوتا ہے اس کا مشاہدہ بھی اتنا ہی مضبوط نظر آتا ہے۔ مصنف جزیات نگاری کے حوالے سے بھی اپنی معراج پر ہے۔ کہانی تو مَحبّت کی وہی کہانی ہے جو عمومی طور پر دُنیا کی ہر زبان میں لکھے جانے ہر دوسرے ناول کی کہانی ہے۔ کوپر نامی شخص جو بعد میں گرینڈ موسیو کہلاتا ہے اس کی بیوی، ملازمہ، بیٹی اور اس کے بھتیجے کے گرد گھومتی ہے۔ گرینڈ موسیو جسے حرص و ہوس انسانیت سے دِن بدن دُور لے جاتی ہے جس کا دماغ روز و شب دولت کو جمع کرنے کے بارے میں نہیں بلکہ ضرب دینے کے بارے میں سوچتا ہے۔ جو عام لوگوں کے چہروں کی پیلاہٹ کو اپنی تجوریوں میں سونے کے سِکوں کی شکل میں بھرتا ہے۔ جس کا وقت کی نبض پر رکھا ہاتھ اِدھر اُدھر نہیں سرکتا، جو منڈی کے اُتار چڑھاؤ، موسموں کے مزاج سے اچھی طرح واقف ہے۔ جسے پتہ ہے انگور کی شراب مارکیٹ میں کب لانی ہے، سفیدے کے درخت کب کاٹنے ہیں، سٹاک میں کب سرمایہ کاری کرنی ہے۔ پیسہ اور اثاثہ جات بڑھانے کے سب گُر اس کی انگلیوں پر ہیں مگر اس کے برعکس اسکی اہلیہ سیدھی سادھی دیہاتی خاتون ہے جو مذہب اور چرچ کے زیر اثر روٹین کی زندگی گزارتی ہے۔ جس کے جہیز کی تمام دولت بھی اس کے شوھر کے تصرف میں ہے اگر وہ کبھی کوئی رقم اپنی بیوی کو دیتا بھی ہے تو حیلے بہانے واپس ہتھیا لیتا ہے اور وہ اس پہ کو تعرض بھی نہیں کرتی۔ اس کی زندگی کا محور اس کی بیٹی اور روز مرہ کے معمولات ہیں۔ اسے اپنے خاوند کے دھن دولت سے کوئی سروکار نہیں۔ ناے پن اس گھر کی ملازمہ ہے جو گریںڈ موسیو کی مشیر وزیر اس کے کاروباری امور میں ساتھ دینے والی جو گھر اور اس کے مالک کی مکمل وفادار مگر سچی عیسائی۔ یوجین اس ناول کا مرکزی کردار خوبصورت، معصوم، مذہب سے جُڑی ہوئی لڑکی جس کا معمول چرچ آنا جانا اور ماں کے پلو سے بندھ کر بیٹھنا یا سالگرہ کے دن باپ کے دیے طلائی سکوں سے کھیلنا۔ ایک کردار چارلس کا ہے جو گریںڈ موسیو کے پیرس میں رہنے والے بھائی کا ہے۔ دونوں بھائی خونی رشتے میں بندھے ہونے کے باوجود سماجی طور پر ایک دوسرے سے 180 درجے کے فاصلے پر پیرس والا بھائی نامساعد حالات میں گھر کر آسودگی میں پلے بڑھے خوش جمال بیٹے کو اپنے بھائی کے پاس بھیج دیتا ہے۔ ہمراہ ایک مراسلہ جس میں اپنی بربادی کی داستان کے ساتھ استدعا کہ میرے بیٹے کی اعانت کرو۔یہاں لالچی گرینڈ موسیو کے اندد کا کاروباری ابن الوقت نمودار ہوتا ہے اور بھتیجے سے فاصلے کی ٹھان لیتا ہے مگر معصوم یوجین اپنے خوبرو کزن کی مَحبّت کا شکار ہو جاتی ہے۔ گرینڈ موسیو کا بھائی پیرس میں خودکشی کر لیتا ہے تو یوجین کو اس نوجوان کے ساتھ مَحبّت اور ہمدردی دونوں ہو جاتی ہیں۔ ہر رشتے کو دولت کے ترازو میں تولنے والا باپ مزید اشتعال میں آ جاتا ہے اور چارلس کے پاس بچی کھچی اشیا اونے پونے ہتھیا کر اسے خوابوں کی سرزمین ہندوستان کی طرف چلتا کرتا ہے۔ مگر یوجین مشرقی لڑکیوں کی طرح خود کو لامتناہی اِنتظار کے سانچے میں ڈھال لیتی ہے۔ آگے کوپر اپنے دیوالیہ بھائی کی جائیداد کے لیے سرمایہ دارانہ نظام کے اوچھے ہتھکنڈے استعمال کرتا نظر آتا ہے جو اس وقت کی اشرافیہ کی شرافت کی قلعی کھولنے کے لیے کافی ہے۔

ناول کے کرداروں کے حوالے سے یوں محسوس ہوتا ہے کہ ناول نگار ہندوستان اور اس کی دولت کی کہانیوں سے خاصہ متاثر تھا ناول کے نسوانی کردار مکمل مشرقیت میں ڈھلے ہوئے نظر آتے ہیں۔ یوجین کا رویہ بالکل مشرقی لڑکیوں جیسا دکھائی دیتا ہے جو بسا اوقات مَحبّت میں ستی بھی ہو جاتیں۔ یوجین کی ماں بھی ایک مشرقی ماں اور بیوی کا عمدہ نمونہ نظر آتی ہیں۔ وہ آخری وقت تک خاوند اور بیٹی کے درمیان پُل کا کردار ادا کرنے کی کوششیں کرتی ہے۔ گھر کی ملازمہ یوجین کے ساتھ مَحبّت میں بندھ جاتی ہے۔ یہ سب خواتین مذہب اور انسانیت کے رشتوں سے بندھی ہوئی ہیں مگر ان کے برعکس گرینڈ موسیو جو دولت اپنے لیے ابدیت کا اسمِ اعظم سمجھتا ہے جس کی دولت کروڑوں تک پہنچ جاتی ہے مگر نقارہ قضا بجتے ہی خالی ہاتھ اسے روپے پیسے سونا چاندی زمین سب چھوڑ کر جانا پڑتا ہے۔ اس ناول کا دوسرا اہم مرد کردار چارلس بھی اپنے چچا سے زیادہ مختلف ثابت نہیں ہوتا اس بات سے قطع نظر کہ اس نے سمندر پار الوداعی بوسہ میں کسی سے مَحبّت کا وعدہ کیا ہے وہ ہندوستان آ کر سب بُھول جاتا ہے سوائے دولت کے انبار لگانے کے سات سال بعد اسے اگر اسے کچھ یاد بھی آیا تو وہ یوجین نہیں تھی۔ اس ناول سے یہ بھی ادراک ہوتا ہے کہ فرانس اس وقت مذہبی رجعت پسندی اور معاشرتی کھوکھلے پن میں ہمارے آج جیسا تھا۔ کس طرح دولت کما کر چارلس اشرافیہ میں شامل ہو کر ایک خاتون اور اس کی بیٹی کے جھانسے میں آتا ہے کہ کوئی خطاب یا القاب حاصل کر سکے۔ وہ اس مقصد سے بھی کنارہ کش ہو جاتا ہے کہ اس نے اپنے باپ کی عزت اور نیک نامی کو بحال کرنا ہے وہ باپ کے معاملات سے بھی سرد مہری کا اظہار کرتا ہے۔ اس ناول سے اس وقت کے تہزیبی انحطاط کا عکس مِلتا ہے۔ کیسے افریقہ سے غلام خرید کر یورپ کی منڈی میں سپلائی کیے جاتے۔ اس ناول کی ہیروئن یقیناً یوجین ہے مگر ہیرو کسی کو قرار نہیں دیا جا سکتا۔ اپنی ملازمہ اس کے خاندان سے حُسنِ سلوک اپنے چچا کے قرض کی ادائیگی ایسے لگتا ہے کہ اس نے اپنی طویل یادوں کا قرض چکایا ہو۔ افسوس اس کی زندگی میں در آنے والا ایک اور شخص جو خاوند کی حیثیت سے شامل ہوا وہ بھی لالچی اور مفاد پرست
جس طرح غالب کے خطوط سے اس وقت کے برِصغیر کے حالات کا پتہ چلتا ہے۔ اس طرح اس ناول سے فرانس کے اس وقت کے معاشرتی خدوخال اُجاگر ہوتے ہیں۔

مورخین ہمیشہ بادشاہوں کے حاشیہ بردار ہوتے ہیں مگر ادیب اس زمانے کا آئینہ صرف ناموں کے حوالے سے یہ ناول ترجمہ محسوس ہوتا ہے۔ کیونکہ یہ ہمارے ماحول سے لگا نہیں کھاتے وگرنہ مہارت اور تکنیکی حوالے سے یہ طبعزاد لگتا ہے جس طرح زبان جہاں جہاں سے گزرتی ہے وہاں کا اثر قبول کرتی ہے۔ ویسے ہی کسی زبان کا مترجم بھی اپنی زبان کا تڑکا لگاتا ہے جیسے مینڈھی دھی، مینڈھی سوہنڑی دھی۔ مصنف نے ناول کے آغاز میں یہ دعویٰ کیا کہ جو کام نپولین تلوار سے نہیں کر سکا وہ میں قلم سے کروں گا۔

جس طرح محبت اور نفرت کی آویزش ایک اٹل حقیقت ہے یہی حال قلم اور تلوار کا ہے ہمارے ہاں۔ خود بڑا سوال ہے کہ برِصغیر میں اسلام تلوار سے نہیں صوفیا کی تعلیمات سے پھیلا۔ رؤف کلاسرا انگریزی ادب کا طالبِ علم اور اسے تراجم کا ٹھرک بھی ہے۔ ادھر اپنا حال انگریزی میں اس ان پڑھ بلدیاتی چئیرمین جیسا ہے جس کے سامنے ایک نوجوان ضرورت مند نے نستعلیق انگریزی میں ایک درخواست رکھی جو چئیرمین کے سر سے گزر گئی۔ اس نے نوجوان سے مخاطب ہو کر کہا کاکا درخواست تے میں تیری ساری پڑھ لئ اے ہُن تو زبانی دس کی کم اے۔ رؤف کلاسرا زبانی بتانے کا شکریہ سوال ایک یہ بھی ہے کہ رؤف نے اس ناول کا ہی ترجمہ کے لیے کیوں اِنتخاب کیا۔ دراصل یہ اس کے اندر کی اُداسی ہے جو اس کتھارسس کے عمل سے یہ باھر نکلتی ہے جس طرح اسے خزاں رسیدہ جھڑتے پتے دوسروں کے برعکس خوبصورت لگتے ہیں ویسے ہی اسے اُداسی سے عشق محسوس ہوتا ہے۔

آخر میں گگن شاہد، امر شاہد اور بُک کارنر جہلم کا شُکریہ جنہوں نے یہ خوبصورت کتاب ارسال کی۔

بشکریہ
https://www.facebook.com/groups/1876886402541884/permalink/2899463910284123