افغان نژاد فرانسیسی ادیب اور فلمساز عتیق رحیمی اور ناول "سنگِ صبور”
ایک مختصرتعارف
ارجمند آرا
کابل کے ایک سینئر پبلک سرونٹ کے گھر میں 26 فروری، 1962 میں جنم لینے والے عتیق رحیمی کی ابتدائی تعلیم ’لیسے استقلال‘ میں ہوئی۔ افغا نستان میں سوویت روس کی مداخلت کے بعد انھیں ایک سال کے لیے پاکستان میں پناہ لینی پڑی، اور پھر 1985 میں انھیں فرانس میں سیاسی پناہ مل گئی۔
سوربون میں تعلیم مکمل کرنے کے بعد رحیمی نے فلم نگاری، فلم سازی، فوٹوگرافی اور ہدایت کاری کو اپنے کرئیر کے طور پر چنا۔ نوے کی دہائی میں انھوں نے لکھنا شروع کیا اور دری (فارسی) میں ان کی پہلی تخلیق خاکستر و خاک سنہ 2000 میں شائع ہوئی جو جلد ہی یوروپ اور ساؤتھ امریکہ میں بیسٹ سیلر بن گئی۔ عتیق رحیمی کی ہدایت میں اس ناول پر مبنی فلم EARTH AND ASHES پچاس سے زیادہ فلمی میلوں میں دکھائی گئی اور اس نے پچیس اعزازات حاصل کیے جن میں CANNES FILM FESTIVAL 2004 کا PRIX DU REGARD VERS L’AVENIR اور زنجبار انٹرنیشنل فلم فیسٹول کا GOLDEN DHOW اعزاز بھی شامل ہے۔
2002میں طالبان کی شکست کے بعد عتیق رحیمی سترہ سال کی جلاوطنی کے بعد اپنے وطن لوٹے اور ڈیڑھ سو سال پرانے باکس کیمرے میں کابل کی تصویریں قید کیں۔ ان میں سے چھ تصویریں لندن کے وکٹوریا اور البرٹ میوزیم نے بھی خریدیں۔
2008 میں رحیمی کا پہلا فرانسیسی ناول SYNGUE SABOUR (سنگِ صبور) شائع ہوا اور اس نے فرانس کا سب سے ممتاز PRIX GONCOURT AWARD حاصل کیا۔افغانستان یا اس جیسے کسی ملک کے پس منظر میں لکھے گئے اس ناول میں ایک ایسی عورت کی کہانی بیان کی گئی ہے جس کا شوہر گردن میں گولی لگنے کی وجہ سے کوما میں چلا گیا ہے اور سانس لیتے ہوے لیکن پتھر کی طرح بے جان شوہر کی تیمارداری میں لگی بیوی اپنے سارے غم، دکھ تکلیفیں، خواہشیں، حسرتیں، حادثے اور سانحے اس کے پاس بیٹھی اس سے بیان کرتی رہتی ہے، اوراپنی نو سالہ شادی شدہ زندگی میں پہلی بار وہ اپنے شوہر سے براہِ راست اس طرح مخاطب ہوتی ہے کہ اپنی ذہنی کیفیتوں اور سوانحی حالات کو ڈرتے ڈرتے اور بتدریج بیان کرتی ہے، اس امید میں کہ اس کا ’سنگِ صبور‘ اس کی تمام تکلیفیں جذب کرلے گا اور اسے اپنے غموں سے نجات مل جائے گی۔ ناول کے انگریزی ایڈیشن کے تعارف میں ناول نگار خالد حسینی نے لکھا ہے:
اس ناول کی سب سے بڑی کامیابی یہ ہے کہ اس نے آواز عطا کی ہے؛ ان کو آواز عطا کی ہے جو سب سے زیادہ تکلیفیں سہتی ہیں اور کبھی حرفِ شکایت زبان پر نہیں لاتیں۔ رحیمی کی بے نام ہیروئن ایک وسیلہ ہے، ایک ذی حیات آلہ، جس میں اُس جیسی کروڑوں عورتوں کی مصیبتوں اور شکایتوں نے جگہ پائی ہے، یعنی ان عورتوں نے جن کو معروض میں بدل دیا گیا ہے، جو حاشیے پر جیتی ہیں، جن سے نفرت کی جاتی ہے، جنھیں مارا پیٹا جاتا ہے، جن کا تمسخر اڑایا جاتا ہے، جن کو خاموش کر دیا جاتا ہے۔سنگِ صبور میں بالآخر وہ اپنی بات کہہ پائی ہیں۔
ناول کا انگریزی ترجمہ پولی میک لین نے THE PATIENCE STONE کے عنوان سے 2012 میں کیا۔ عتیق رحیمی کی ہدایت میں 2012 میں اس ناول پر فلم بھی بنی جس میں مرکزی کردار ایرانی اداکارہ گل شیفتہ فراحانی نے نبھایا ہے۔ اس فلم کو BEST FOREIGN LANGUAGE OSCAR کے زمرے میں اکادمی ایوارڈ کے لیے افغانستان کی جانب سے بھیجا گیا، لیکن اعزاز کے لیے نامزد نہیں ہوئی۔
عتیق رحیمی نے فرانسیسی ٹیلی ویژن کے لیے ڈاکیومنٹری اور کمرشیل فلمیں بنائی ہیں۔ وہ افغانستان کے ایک بڑے میڈیا گروپ ’موبی گروپ‘ کے ساتھ سینئر تخلیقی مشیر کے طور پر وابستہ ہیں اور اس کے لیے مختلف پروگرام تیار کرنے کے علاوہ افغانستان میں فلم سازوں اور ہدایت کاروں کی نئی نسل کی تربیت میں بھی پیش پیش ہیں۔ ٹولو ٹی وی کے لیے انھوںنے افغانستان کاپہلا سوپ اوپیرا رازہاے ایں خانہ تیار کیا جو بے حد مقبول ہوا اور 2008 میں اس نے ’سیول ڈراما ایوارڈز‘ کا خصوصی اعزاز حاصل کیا۔
ان کی دیگر تخلیقات میں یک ہزار اتاقِ خواب وترس 2002میں فارسی میں اور انگریزی میں A THOUSAND ROOMS OF DREAM AND FEAR کے عنوان سے 2007 میں شائع ہوئی، ان کی تیسری تخلیق LE RETOUR IMAGINAIRE (2005) تھی۔ SNYGUE SABOUR ان کی چوتھی اور فرانسیسی زبان میں پہلی تخلیق تھی۔ A CURSE ON DOSTOEVSKY فرانسیسی میں 2011 میں اور انگریزی میں 2013 میں اشاعت پذیر ہوئی۔
تریپن سالہ عتیق رحیمی اپنے وقت کا بیشتر حصہ پیرس اور کابل میں گزارتے ہیں۔
***
ناول کی خریداری کے لیے معلومات
ناول: سنگِ صبور
مصنف: عتیق رحیمی
مترجم: ارجمند آرا
قیمت: 160 روپے
پبلیشر: آج کی کتابیں، سٹی پریس بک شاپ، 316 مدینہ سٹی مال، عبداللہ ہارون روڈ، صدد، کراچی۔ فون نمبر: 02135650623، 02135213916
بشکریہ
https://www.facebook.com/1876886402541884/posts/2090893431141179

جواب دیں
تبصرہ کرنے سے پہلے آپ کا لاگ ان ہونا ضروری ہے۔