زائشہ عثمان کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
اشکوں پہ اختیار ان آنکھوں نے کھو دیا (غزل)
اشکوں پہ اختیار ان آنکھوں نے کھو دیا
اک موج یاد یار نے مجھ کو ڈبو دیا
پلکوں پہ جب بھی خواب کی کوئی کلی کھلی
انجام گل نے خوف کا نشتر چبھو دیا
اس زندگی سے ہم نے تقاضے نہیں کیے
چپ چاپ رکھ لیا ہے سدا اس نے جو دیا
پھر یوں ہوا کہ ضبط کی حد ٹوٹنے لگی
ہنسنا محال ہونے لگا جب میں رو دیا
اے شخص تجھ سے ترک تعلق کا غم نہیں
غم یہ ہے میں نے خود کو ترے ساتھ کھو دیا
کہتے تھے لوگ راہ محبت میں پھول ہیں
کانٹوں کو کس نے پھر مری راہوں میں بو دیا
کون مل جائے سر راہ گزر کس کو خبر (غزل)
کون مل جائے سر راہ گزر کس کو خبر
کس کے ہم راہ کٹے کس کا سفر کس کو خبر
اس قدر قربتیں اچھی نہیں اے شمع سمجھ
کب بدل جائے ہواؤں کی نظر کس کو خبر
تو نے سینے سے جنہیں آج لگا رکھا ہے
دل سے وہ لوگ ہی جائیں نہ اتر کس کو خبر
ہے ابھی ذوق نظر سارے نظارے چن لو
کل رہے یا نہ رہے کار ہنر کس کو خبر
سوچ کر یار کسی کو بھی نصیحت کرنا
کون سی بات کرے کیسا اثر کس کو خبر
یہ جو طاقوں پہ دیے تا بہ سحر جلتے ہیں
کن اندھیروں سے ہوا ان کا گزر کس کو خبر
خواب آنکھوں میں پھر اس ڈر سے سجائے نہ گئے
ٹوٹ جائیں یہ کہیں بار دگر کس کو خبر