زنیر نقوی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
ندا کے پیچھے چلے راستوں پہ بات نہ کی (غزل)
ندا کے پیچھے چلے راستوں پہ بات نہ کی
بھٹکنے والوں نے بھی رہبروں پہ بات نہ کی
شکستہ پیڑ کے گرنے پہ بیٹھ کر روئے
ہرے درخت کی خاموشیوں پہ بات نہ کی
ہم اپنا ابر لیے پھر رہے ہیں آنکھوں میں
سو خود ہی نم ہوئے ان موسموں پہ بات نہ کی
کمال یہ کہ ترے فیصلے قبول کیے
ملال یہ کہ ترے فیصلوں پہ بات نہ کی
جواں سپاہی کے لاشے پہ رونے والوں نے
کبھی بھی سرحدوں اور پرچموں پہ بات نہ کی
ہمارا چہرا خراشوں سے کچھ زیادہ نہیں
سو ہم نے عکس چنے آئنوں پہ بات نہ کی
بغیر حکمت و تدبیر ہی گزاری گئی (غزل)
بغیر حکمت و تدبیر ہی گزاری گئی
گزارہ کرتے ہوئے زندگی گزاری گئی
بھلا وہ کیسے فراوانیوں پہ خوش ہوتے
وہ جن کے دور سے تیری کمی گزاری گئی
یہ شہر خشک ہواؤں کی زد میں تھا لیکن
ہماری آنکھ سے پھر بھی نمی گزاری گئی
تمام آدمی شرمندگی وصول کریں
افق سے ایک دھنک گندمی گزاری گئی
وہاں وہاں سے گزرنا محال ہو گیا ہے
جہاں جہاں سے تری پالکی گزاری گئی
اتارا پہلے گیا تیرگی کا خوف زنیرؔ
پھر اس کے بعد یہاں روشنی گزاری گئی