پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

ذوالفقار ذکی کی غزلیں — Zulfiqar Zaki Ghazals

ذوالفقار ذکی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

گھڑی کی سوئیاں ٹک ٹک سنا رہی ہیں مجھے (غزل)

گھڑی کی سوئیاں ٹک ٹک سنا رہی ہیں مجھے

گزرتے وقت سے شاید ڈرا رہی ہیں مجھے

ترے بیان کو لفظوں کی کیا ضرورت ہے

کہ یہ خموشیاں سب کچھ بتا رہی ہیں مجھے

تو کیا ہوا جو ترا پیار مل نہیں پایا

تری یہ نفرتیں بھی راس آ رہی ہیں مجھے

ہوا کی شوخیاں بتلا رہی ہیں تیرا پتہ

حسین تتلیاں رستہ دکھا رہی ہیں مجھے

شب فراق مرے ہم نوا تری یادیں

غموں کی تال پہ ہر دم نچا رہی ہیں مجھے

کوئی تو ہو جو مجھے روک لے صدا دے کر

مری یہ حسرتیں ہر جا گھما رہی ہیں مجھے

ذکیؔ یہ راہ کے پتھر بھی میرے رہبر ہیں

کہ ان کی ٹھوکریں چلنا سکھا رہی ہیں مجھے

کتنوں نے جان وار دی ہرنی سی چال پر (غزل)

کتنوں نے جان وار دی ہرنی سی چال پر

کتنے ہی لوگ مر مٹے اس خوش خصال پر

مجھ کو خبر ملی ہے کہ پریوں کے دیس میں

ہوتے ہیں روز تبصرے اس کے جمال پر

میں بھی سوال پوچھ کے خاموش ہو گیا

اس نے بھی چپ ہی سادھ لی میرے سوال پر

بھنورا کسی گلاب کو چھوتا ہے جس طرح

رکھتا ہوں اپنے ہونٹ یوں دلبر کے گال پر

کس کے ذرا سے ذکر پہ سانسیں مہک اٹھیں

چہرے کے رنگ کھل اٹھے کس کے خیال پر

پڑھتے ہیں لوگ آج بھی الفت کی داستاں

لکھتے ہیں لوگ آج بھی ہجر و وصال پر

چھانی ہیں اس نے جا بجا صحرا کی پستیاں

پہنچا ہے عشق پھر کہیں اوج کمال پر

ہارا ہوں اس دلیری سے لڑتا ہوا ذکیؔ

دشمن بھی پر ملال ہے میرے زوال پر

مزید غزلیں از ذوالفقار ذکی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں