ذوالفقار احسن کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
کوئی شکوہ نہ شکایت ہے بچھڑنے والے (غزل)
کوئی شکوہ نہ شکایت ہے بچھڑنے والے
بے وفائی تری عادت ہے بچھڑنے والے
ہم جو زندہ ہیں تو زندہ بھی نہیں ہیں دیکھو
اک بپا روز قیامت ہے بچھڑنے والے
میری سانسوں کی روانی کا سبب پوچھتے ہو
تیرے چہرے کی تلاوت ہے بچھڑنے والے
چین تم کو جو نہیں آتا کسی بھی لمحے
یہ محبت کی علامت ہے بچھڑنے والے
مجھ کو کردار میسر نہیں افسانے میں
یہ کہانی میں قباحت ہے بچھڑنے والے
تو جو بچھڑا ہے اسے ساتھ ہی لے جانا تھا
دل کہ تیری ہی امانت ہے بچھڑنے والے
اپنا عشاق قبیلے سے تعلق گہرا
غم کی جاگیر وراثت ہے بچھڑنے والے
میرا دعویٰ تھا بچھڑ کر نہ جیوں گا لیکن
اب جو زندہ ہوں ندامت ہے بچھڑنے والے
قلب شاہی پہ جو چلتا ہے تو سکہ تیرا
دل پہ تیری ہی حکومت ہے بچھڑنے والے
تو اڑنے کا جب بھی ارادہ کرے گا (غزل)
تو اڑنے کا جب بھی ارادہ کرے گا
فلک اپنا سینہ کشادہ کرے گا
ابھی دل کو قابو میں کر لو تو بہتر
یہ مجبور ورنہ زیادہ کرے گا
سفر کا ارادہ بدل جائے شاید
رہ دل وہ جب تک کشادہ کرے گا
معانی کا اس میں سمندر سا ہوگا
بظاہر وہ ہر بات سادہ کرے گا
وہی نوجواں ہوگا ملت کا تارا
جو تعلیم سے استفادہ کرے گا
میں ڈھل بھی گیا تو یہ مہتاب احسنؔ
ضیا سے مری استفادہ کرے گا