ذوالفقار حسین اثر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
اس نے جو اپنے خواب کا اظہار کر دیا (غزل)
اس نے جو اپنے خواب کا اظہار کر دیا
میں نے بھی اس کے سپنے کو ساکار کر دیا
اس کو نصیب ہو گئیں دنیا کی نعمتیں
اپنے کو جس نے صاحب کردار کر دیا
اتنے ہی حوصلے سے بڑھے راہ میں قدم
دنیا نے جتنا راستہ دشوار کر دیا
منزل کے راستے کو سبھی ڈھونڈتے رہے
ہم نے دلوں میں راستہ ہموار کر دیا
آنسو بہا بہا کے اثرؔ عمر کٹ گئی
اشکوں نے میرے شعروں کو دم دار کر دیا
دوا بھی کام وہاں پر سدا نہیں آتی (غزل)
دوا بھی کام وہاں پر سدا نہیں آتی
جہاں کسی کے لبوں پر دعا نہیں آتی
کسی کو چوٹ لگے درد ہم کو ہوتا ہے
وہ کیسے لوگ ہیں جن کو دیا نہیں آتی
پڑے گا لو کو لگانا ضیائے دل کے لئے
لگے نہ لو تو دلوں میں ضیا نہیں آتی
وفا کے واسطے اے دل ہیں امتحان بہت
دیار عشق میں یوں ہی وفا نہیں آتی
دعائیں دل سے کرے جو سدا بشر کے لئے
لبوں پہ اس کے کبھی بد دعا نہیں آتی
تمہارے درد جگر کی دوا ملے شاید
ہمارے درد جگر کی دوا نہیں آتی
دلوں کو توڑنا کم ظرف کی ادا ٹھہری
ہمیں تو آج بھی ایسی ادا نہیں آتی
ہماری بات کا تم کو یقیں نہیں لیکن
یہ بات سچ ہے اثرؔ کو جفا نہیں آتی