پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

ذوالفقار عادل کی غزلیں — Zulfiqar Aadil Ghazals

ذوالفقار عادل کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

شکر کیا ہے ان پیڑوں نے صبر کی عادت ڈالی ہے (غزل)

شکر کیا ہے ان پیڑوں نے صبر کی عادت ڈالی ہے

اس منظر کو غور سے دیکھو بارش ہونے والی ہے

سوچا یہ تھا وقت ملا تو ٹوٹی چیزیں جوڑیں گے

اب کونے میں ڈھیر لگا ہے باقی کمرا خالی ہے

بیٹھے بیٹھے پھینک دیا ہے آتش دان میں کیا کیا کچھ

موسم اتنا سرد نہیں تھا جتنی آگ جلا لی ہے

اپنی مرضی سے سب چیزیں گھومتی پھرتی رہتی ہیں

بے ترتیبی نے اس گھر میں اتنی جگہ بنا لی ہے

دیر سے قفل پڑا دروازہ اک دیوار ہی لگتا تھا

اس پر ایک کھلے دروازے کی تصویر لگا لی ہے

ہر حسرت پر ایک گرہ سی پڑ جاتی تھی سینے میں

رفتہ رفتہ سب نے مل کر دل سی شکل بنا لی ہے

اوپر سب کچھ جل جائے گا کون مدد کو آئے گا

جس منزل پر آگ لگی ہے سب سے نیچے والی ہے

اک کمرا سایوں سے بھرا ہے اک کمرا آوازوں سے

آنگن میں کچھ خواب پڑے ہیں ویسے یہ گھر خالی ہے

پیروں کو تو دشت بھی کم ہے سر کو دشت نوردی بھی

عادلؔ ہم سے چادر جتنی پھیل سکی پھیلا لی ہے

میں جہاں تھا وہیں رہ گیا معذرت (غزل)

میں جہاں تھا وہیں رہ گیا معذرت

اے زمیں معذرت اے خدا معذرت

کچھ بتاتے ہوئے کچھ چھپاتے ہوئے

میں ہنسا معذرت رو دیا معذرت

خود تمہاری جگہ جا کے دیکھا ہے اور

خود سے کی ہے تمہاری جگہ معذرت

جو ہوا جانے کیسے ہوا کیا خبر

جو کیا وہ نہیں ہو سکا معذرت

میں کہ خود کو بچانے کی کوشش میں تھا

ایک دن میں نے خود سے کہا معذرت

مجھ سے گریہ مکمل نہیں ہو سکا

میں نے دیوار پر لکھ دیا معذرت

میں بہت دور ہوں شام نزدیک ہے

شام کو دو صدا شکریہ معذرت

مزید غزلیں از ذوالفقار عادل ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں