پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

ذوالفقار احمد تابش کی غزلیں — Zulfeqar Ahmad Tabish Ghazals

ذوالفقار احمد تابش کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

ندی کنارے بیٹھے رہنا اچھا ہے (غزل)

ندی کنارے بیٹھے رہنا اچھا ہے

یا ندی کے پار اترنا اچھا ہے

دستک سی اک دل کے بند کواڑوں پر

چپکے چپکے سنتے رہنا اچھا ہے

یوں ہی گھر میں چپ اور گم سم رہنے سے

گلیوں گلیوں گھومتے پھرنا اچھا ہے

جن لوگوں کی یاد سے آنکھیں بھر آئیں

ان لوگوں کو یاد نہ کرنا اچھا ہے

سانجھ ہوئے جب آنگن جاگنے لگتے ہیں

دل میں یاد کے دیے جلانا اچھا ہے

جی کے روگ کی جب کوئی نہ بات سنے

دیواروں سے باتیں کرنا اچھا ہے

جب آنکھوں میں دل کی اداسی رنگ بھرے

آپ ہی اپنی ہنسی اڑانا اچھا ہے

یہ شور و شر تو پہلے دن سے آدم زاد میں ہے (غزل)

یہ شور و شر تو پہلے دن سے آدم زاد میں ہے

خرابی کچھ نہ کچھ تو اس کی خاک و باد میں ہے

پہنچ کر اس جگہ اک چپ سی لگ جاتی ہے مجھ کو

مقام اک اس طرح کا بھی مری روداد میں ہے

عجب اک بے کلی سی میرے جسم و جان میں ہے

صفت سیماب کی مجھ پیکر اضداد میں ہے

یہ شیشہ گھر ابھی تک عرصۂ تکمیل میں ہے

یہ خواب خوب صورت معرض ایجاد میں ہے

میں جتنا اٹھ رہا ہوں اور جھکتا جا رہا ہوں

کجی دراصل اول سے مری بنیاد میں ہے

زمانہ یوں نہیں جیسے دکھائی دے رہا ہے

خرابی کوئی ماہ و سال کی تعداد میں ہے

طریق عشق میں کوئی خرابی آ گئی ہے

کوئی بد صورتی اس طرز نو ایجاد میں ہے

یہ نقش خوش نما دراصل نقش عاجزی ہے

کہ اصل حسن تو اندیشۂ بہزاد میں ہے

یہاں جو آ گیا اک بار پھر جاتا نہیں ہے

کشش ایسی کچھ اس شہر ستم ایجاد میں ہے

وہ جو کہتے رہے اس کی گواہی مل رہی ہے

یہ ساری گفتگو ان رفتگاں کی یاد میں ہے

یہ جتنا ہے کہیں اس سے زیادہ بھید میں ہے

طلسم اس دہر کا پوشیدہ ہفت ابعاد میں ہے

مزید غزلیں از ذوالفقار احمد تابش ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں