پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

زبیر شفائی کی غزلیں — Zubair Shifai Ghazals

زبیر شفائی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

سر کبھی گردن کبھی رخسار سہلاتا رہا (غزل)

سر کبھی گردن کبھی رخسار سہلاتا رہا

ایک ہی جھونکا پلٹ کر بار بار آتا رہا

پھول پر بیٹھی ہوئی تتلی اچانک اڑ گئی

یہ خزانہ آخر اپنے ہاتھ سے جاتا رہا

شمع کی لو پر ہوا نے ہونٹ اپنے رکھ دئے

وجد میں آ کر دھواں تا دیر لہراتا رہا

اس تمنا میں کہ اہل دل مجھے تجھ سا کہیں

تیرا اک اک رنگ اک اک ڈھنگ اپناتا رہا

یوں کہ دوہری زندگی جینے کی عادت تھی مجھے

خود کو سینے سے لگاتا اور ٹھکراتا رہا

در دریچے بند اور آنکھیں کھلی رکھتے ہوئے

میں بھرے گھر میں گم اپنے آپ کو پاتا رہا

اٹھا کر برق و باراں سے نظر منجدھار پر رکھنا (غزل)

اٹھا کر برق و باراں سے نظر منجدھار پر رکھنا

ہمیشہ کے لیے یہ ہاتھ اب پتوار پر رکھنا

وصالی موسموں کی بازیابی چاہنے والو

بجائے شاخ گل دست طلب رخسار پر رکھنا

سر تخلیق تن کب اختراعی دھن نکل آئے

ذرا یہ ہونٹ تم بربط کے ٹوٹے تار پر رکھنا

وبال دوش تھا یہ تم کسی کونے پہ لکھ دینا

نمائش کے لیے جب سر ستون دار پر رکھنا

بقائے نوع انسانی کی خاطر چاہتا ہوں میں

اب اپنے آپ کو بارود کے انبار پر رکھنا

وہ کرنوں سے بھری دو پہریاں اب یاد آتی ہیں

فتادہ برگ اٹھانا سایہ اک اشجار پر رکھنا

زبیرؔ اقوام عالم میں بھی ہو تشہیر وحشت کی

گریبانوں کے یہ ٹکڑے خط آثار پر رکھنا

مزید غزلیں از زبیر شفائی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں