پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

زبیر رضوی کی غزلیں — Zubair Rizvi Ghazals

زبیر رضوی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

مجھے تم شہرتوں کے درمیاں گمنام لکھ دینا (غزل)

مجھے تم شہرتوں کے درمیاں گمنام لکھ دینا

جہاں دریا ملے بے آب میرا نام لکھ دینا

یہ سارا ہجر کا موسم یہ ساری خانہ ویرانی

اسے اے زندگی میرے جنوں کے نام لکھ دینا

تم اپنے چاند تارے کہکشاں چاہے جسے دینا

مری آنکھوں پہ اپنی دید کی اک شام لکھ دینا

مرے اندر پناہیں ڈھونڈتی پھرتی ہے خاموشی

لب گویا مرے اندر بھی اک کہرام لکھ دینا

وہ موسم جا چکا جس میں پرندے چہچہاتے تھے

اب ان پیڑوں کی شاخوں پر سکوت شام لکھ دینا

شبستانوں میں لو دیتے ہوئے کندن سے جسموں پر

ہوا کی انگلیوں سے وصل کا پیغام لکھ دینا

کبھی خرد سے کبھی دل سے دوستی کر لی (غزل)

کبھی خرد سے کبھی دل سے دوستی کر لی

نہ پوچھ کیسے بسر ہم نے زندگی کر لی

اندھیری رات کا منظر بھی خوب تھا لیکن

تم آ گئے تو چراغوں میں روشنی کر لی

تمہارا جسم ہے جاڑوں کا سرد سناٹا

حرارتوں سے کہاں تم نے دوستی کر لی

حضور دوست عجب حادثہ ہوا یارو

ہر ایک حرف شکایت نے خودکشی کر لی

لیے پھرے ہیں بہت تم کو دل کی گلیوں میں

اس ایک بات پہ دنیا نے دشمنی کر لی

ہر ایک موڑ پہ خنجر بکف تھی تنہائی

غریب شہر نے گھبرا کے خودکشی کر لی

میں اکثر سوچتا ہوں (نظم)

میں اکثر سوچتا ہوں

ایسا کیوں ہوتا ہے

اولادوں کو

اپنے باپ مائیں یاد آتی ہیں

تو آنکھوں میں

فقط ماں باپ کے

بوڑھے سراپے ہی

ابھرتے ڈوبتے اور جھلملاتے ہیں

ممتا سے بھرائی

ماں باپ کی آنکھوں میں

اولادیں کبھی بوڑھی نہیں ہوتیں

مزید غزلیں از زبیر رضوی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں