پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

زبیر قیصر کی غزلیں — Zubair Qaisar Ghazals

زبیر قیصر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

نظر نظر سے ملاؤگے مارے جاؤ گے (غزل)

نظر نظر سے ملاؤگے مارے جاؤ گے

زیادہ بوجھ اٹھاؤ گے مارے جاؤ گے

کوئی نہیں ہے یہاں اعتبار کے قابل

کسی کو راز بتاؤگے مارے جاؤ گے

ہر ایک شاخ پہ چھڑکا ہوا ہے زہر یہاں

شجر کو ہاتھ لگاؤ گے مارے جاؤ گے

جو کاندھے پر ہو وہ گردن اتار لیتا ہے

کسی کو اونچا اٹھاؤ گے مارے جاؤ گے

ہر ایک آئینہ منظر جدا بناتا ہے

نظر کا بوجھ اٹھاؤ گے مارے جاؤ گے

دھوئیں میں ملنا مقدر ہے ان لکیروں کا

ہوا میں نقش بناؤ گے مارے جاؤ گے

یہ نفسیاتی مریضوں کا شہر ہے قیصرؔ

کوئی سوال اٹھاؤ گے مارے جاؤ گے

وہی تھی کل بھی پسند اور وہی ہے آج پسند (غزل)

وہی تھی کل بھی پسند اور وہی ہے آج پسند

الگ مزاج ہے میرا الگ مزاج پسند

میں کیا کروں کہ مری سوچ مختلف ہے بہت

میں کیا کروں مجھے آیا نہیں سماج پسند

میں اپنی راہ نکالوں گا اپنی مرضی سے

مجھے نہیں ہیں زمانے ترے رواج پسند

یہ میرا دل مری آنکھیں یہ میرے خواب عذاب

اٹھا اے عشق تجھے جو بھی ہے خراج پسند

محاذ عشق پہ خود ہی شکست مانی ہے

زبیرؔ دل پہ ہوا ہے کسی کا راج پسند

مزید غزلیں از زبیر قیصر ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں