زبیر خیالی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
حیات ایسے گزاری جا رہی ہے (غزل)
حیات ایسے گزاری جا رہی ہے
کہ یہ بیکار ساری جا رہی ہے
مکان دل ہے گرد آلود کتنا
مگر صورت سنواری جا رہی ہے
ارادے خودکشی کرنے لگے ہیں
تمنا دل میں ماری جا رہی ہے
بڑا پرسوز عالم ہے وہاں کا
جہاں تک آہ و زاری جا رہی ہے
الٰہی عدل کی میزان برحق
زمیں پر کب اتاری جا رہی ہے
زمانہ معترف جس کا کبھی تھا
وہ رسم دوست داری جا رہی ہے
اسی رستے پہ منزل ہے خیالیؔ
جدھر اپنی سواری جا رہی ہے
حالات نے ذرا بھی سنورنے نہیں دیا (غزل)
حالات نے ذرا بھی سنورنے نہیں دیا
کوئی بھی کام ڈھنگ سے کرنے نہیں دیا
محفوظ ہیں نگاہ میں اب بھی اسی طرح
چاہت کا کوئی لمحہ بکھرنے نہیں دیا
افلاس کے عمیق سمندر نے دوستو
مجھ کو ڈبویا یوں کہ ابھرنے نہیں دیا
رکھتا ہوں طیش میں بھی مقابل کی آبرو
خود کو کبھی بھی حد سے گزرنے نہیں دیا
کچھ عزم ہیں خیالیؔ ادھورے پڑے ہوئے
مجھ کو اسی خیال نے مرنے نہیں دیا
مزید غزلیں از زبیر خیالی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں