پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

زبیر علی تابش کی غزلیں — Zubair Ali Tabish Ghazals

زبیر علی تابش کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

راستے جو بھی چمک دار نظر آتے ہیں (غزل)

راستے جو بھی چمک دار نظر آتے ہیں

سب تیری اوڑھنی کے تار نظر آتے ہیں

کوئی پاگل ہی محبت سے نوازے گا مجھے

آپ تو خیر سمجھ دار نظر آتے ہیں

میں کہاں جاؤں کروں کس سے شکایت اس کی

ہر طرف اس کے طرفدار نظر آتے ہیں

زخم بھرنے لگے ہیں پچھلی ملاقاتوں کے

پھر ملاقات کے آثار نظر آتے ہیں

ایک ہی بار نظر پڑتی ہے ان پر تابشؔ

اور پھر وہ ہی لگاتار نظر آتے ہیں

وہ پاس کیا ذرا سا مسکرا کے بیٹھ گیا (غزل)

وہ پاس کیا ذرا سا مسکرا کے بیٹھ گیا

میں اس مذاق کو دل سے لگا کے بیٹھ گیا

جب اس کی بزم میں دار و رسن کی بات چلی

میں جھٹ سے اٹھ گیا اور آگے آ کے بیٹھ گیا

درخت کاٹ کے جب تھک گیا لکڑ ہارا

تو اک درخت کے سائے میں جا کے بیٹھ گیا

تمہارے در سے میں کب اٹھنا چاہتا تھا مگر

یہ میرا دل ہے کہ مجھ کو اٹھا کے بیٹھ گیا

جو میرے واسطے کرسی لگایا کرتا تھا

وہ میری کرسی سے کرسی لگا کے بیٹھ گیا

پھر اس کے بعد کئی لوگ اٹھ کے جانے لگے

میں اٹھ کے جانے کا نسخہ بتا کے بیٹھ گیا

تمہیں اک بات کہنی تھی (نظم)

تمہیں اک بات کہنی تھی

اجازت ہو تو کہہ دوں میں

یہ بھیگا بھیگا سا موسم

یہ تتلی پھول اور شبنم

چمکتے چاند کی باتیں

یہ بوندیں اور برساتیں

یہ کالی رات کا آنچل

ہوا میں ناچتے بادل

دھڑکتے موسموں کا دل

مہکتی خوشبوؤں کا دل

یہ سب جتنے نظارے ہیں

کہو کس کے اشارے ہیں

سبھی باتیں سنی تم نے

پھر آنکھیں پھیر لیں تم نے

میں تب جا کر کہیں سمجھا

کہ تم نے کچھ نہیں سمجھا

میں قصہ مختصر کر کے

ذرا نیچی نظر کر کے

یہ کہتا ہوں ابھی تم سے

محبت ہو گئی تم سے

مزید غزلیں از زبیر علی تابش ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں