زبیر امروہوی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
ہم جو گر کر سنبھل جائیں گے (غزل)
ہم جو گر کر سنبھل جائیں گے
راستے خود بدل جائیں گے
قہقہوں کو ذرا روکئے
ورنہ آنسو مچل جائیں گے
دوستوں کے ٹھکانے بہت
آستینوں میں پل جائیں گے
نور ہم سے طلب تو کرو
ہم چراغوں میں ڈھل جائیں گے
آئینوں سے نہ روٹھا کرو
ورنہ چہرے بدل جائیں گے
دیکھیے مجھ کو مت دیکھیے
لوگ دیکھیں گے جل جائیں گے
کیا خبر تھی کہ اس دور میں
کھوٹے سکے بھی چل جائیں گے
غم تو غم ہی رہیں گے زبیرؔ
غم کے عنواں بدل جائیں گے
ذہن پریشاں ہو جاتا ہے اور بھی کچھ تنہائی میں (غزل)
ذہن پریشاں ہو جاتا ہے اور بھی کچھ تنہائی میں
تازہ ہو جاتی ہیں چوٹیں سب جیسے پروائی میں
اس کو تو جانا تھا لیکن میرا کیوں یہ حال ہوا
انگنائی سے کمرے میں اور کمرے سے انگنائی میں
اس کے دل کا بھید اسی کی آنکھوں سے مل سکتا تھا
کس میں ہمت ہے جو اترے جھیلوں کی گہرائی میں
ایک ہی گھر کے رہنے والے ایک ہی آنگن ایک ہی دوار
جانے کیوں بڑھتی جاتی ہے نفرت بھائی بھائی میں
نور بصیرت کا بخشا کل تک میں نے جن کو زبیرؔ
فرق نظر آتا ہے ان کو اب میری بینائی میں