پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

زبیدہ تحسین کی غزلیں — Zubaida Tahseen Ghazals

زبیدہ تحسین کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

چاندنی رات ہے تاروں کا جہاں ہے اے دوست (غزل)

چاندنی رات ہے تاروں کا جہاں ہے اے دوست

زندگی ساحل دریا پہ رواں ہے اے دوست

اشک شوئی کے لئے اب بھی ہیں دامن لرزاں

زندگی آج بھی اک خواب گراں ہے اے دوست

اب بھی مایوس ہیں وابستۂ تقدیر ہیں دل

اب بھی اٹھتا ہوا سینے سے دھواں ہے اے دوست

کتنے بے رنگ سے خاکوں میں لہو بھرتی ہوں

دل کی دھڑکن سے مرا رشتۂ جاں ہے اے دوست

دل کے داغوں ہی سے تزئین گلستاں کی ہے

قابل دید بہاروں کا سماں ہے اے دوست

جبر کیا چیز ہے بے داد کی قیمت کیا ہے

ذہن آزاد ہے احسان جواں ہے اے دوست

دشت تو دشت تھا گلشن میں بھی وحشت سی ہے

کارواں کون سی منزل میں رواں ہے اے دوست

یہ نیا سال ہے نکھری ہوئی فکروں کا امیں

یہی سرمایہ یہی گنج گراں ہے اے دوست

موسم ہے سازگار غزل کہہ رہے ہیں ہم (غزل)

موسم ہے سازگار غزل کہہ رہے ہیں ہم

دل پر ہے اختیار غزل کہہ رہے ہیں ہم

ذوق جنوں مآل خرد کچھ نہ پوچھئے

دامن ہے تار تار غزل کہہ رہے ہیں ہم

اپنی غزل ہے شاہد معنی بہار کی

پروردۂ بہار غزل کہہ رہے ہیں ہم

کہتے ہیں چشم نم سے غزل میں ہے زندگی

شاید ہی دل فگار غزل کہہ رہے ہیں ہم

گلشن میں اب بھی دامن لالہ ہے داغ داغ

ہے زندگی سے پیار غزل کہہ رہے ہیں ہم

ویسے ہے نظم آئنہ نظم گلستاں

پر ہو کے بے قرار غزل کہہ رہے ہیں ہم

چھڑتی ہے جب بھی ان کی نگاہ کرم کی بات

لگتا ہے بار بار غزل کہہ رہے ہیں ہم

بزم ادب مقام غزل کون جانئے

موتی سی آب دار غزل کہہ رہے ہیں ہم

بزم حیات انجمن دل نہیں رہی

تحسیںؔ ہے انتشار غزل کہہ رہے ہیں ہم

مزید غزلیں از زبیدہ تحسین ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں