زبیدہ بیگم شمع کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
گلزار کھلا ڈالا جس راہ سے ہم گزرے (غزل)
گلزار کھلا ڈالا جس راہ سے ہم گزرے
چنتے ہوئے خاروں کو زخموں کی قسم گزرے
مجبور محبت کا تحفہ ہیں یہ دو آنسو
بچ بچ کے ذرا ان سے طوفان ستم گزرے
باہوش نہ رہ پائے بے ہوش نہ ہو پائے
ایسے بھی کئی عالم اس دل پہ بہم گزرے
دیکھا غم دوراں نے حیرت کی نگاہوں سے
کانٹوں بھری راہوں سے ہنس ہنس کے جو ہم گزرے
دیکھا نہ کبھی اس نے ہم سامنے سے اکثر
آنکھوں میں لیے اپنی روداد الم گزرے
مسحور ہوئی دنیا مخمور ہوا عالم
خوابوں کے جزیرے سے ہو کر جو صنم گزرے
چمن چمن سے رنگ و بو کی آج وہ پھوار اٹھے (غزل)
چمن چمن سے رنگ و بو کی آج وہ پھوار اٹھے
نئی بہار آئی ہے نظر نظر پکار اٹھے
خزاں کو بھی بہار میں بدل کے رکھ دیں آج ہم
لہو چھڑک دیں خاک پر چمن سے جب غبار اٹھے
سکوت ساحلوں کا جو مچل مچل کے توڑ دے
دل خموش بحر سے وہ موج بے قرار اٹھے
خوشی سے کیا ہو اس گھڑی جو مسکرا کے تم کہو
خطا معاف ہو گئی نگاہ شرمسار اٹھے
جلے تو زندگی کے راستے ہی میں یہ دل جلے
ہمارے دل سے شمعؔ بس سدا یہی پکار اٹھے