زویا شیخ کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
عشق سے یار بغاوت نہیں کرنے والے (غزل)
عشق سے یار بغاوت نہیں کرنے والے
اب ترے قلب سے ہجرت نہیں کرنے والے
یعنی ہم تیری جگہ اور کسی کو دے کر
دوسری بار محبت نہیں کرنے والے
ظلم کرنا ہے کرو تم کو اجازت ہے کہ ہم
رب سے کیا خود سے شکایت نہیں کرنے والے
ہجر کے زخم پہ قربت کا لگا کر مرہم
اپنے زخموں کی حمایت نہیں کرنے والے
دل کے زخموں کو جگاتی ہیں رلاتی ہیں سو ہم
آرزوؤں کی کفالت نہیں کرنے والے
دشت میں جا کے پھٹے کپڑے پہن کر زویاؔ
ہم تو مجنوں کی قیادت نہیں کرنے والے
مجھ کو بھی اس سے عشق تھا الفت غضب کی تھی (غزل)
مجھ کو بھی اس سے عشق تھا الفت غضب کی تھی
اس کو بھی مجھ حقیر سے چاہت غضب کی تھی
وہ لڑکی جو نصیب پہ روتی تھی رات بھر
گلیوں میں اس کے حسن کی شہرت غضب کی تھی
ہنستے ہوئے لبوں کو وہ ہلکے سے کاٹنا
واللہ اس حسین کی عادت غضب کی تھی
جانے سے اس کے باغ میں عالم خزاں کا تھا
سوکھے گلوں میں قید وہ وحشت غضب کی تھی
خنجر رقیب کا تھا تو تدبیر دوست کی
مقتل میں زویاؔ یار کی شرکت غضب کی تھی