زویا راؤ وفا کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
آئنے اور آبگینے توڑ ڈالو (غزل)
آئنے اور آبگینے توڑ ڈالو
دل نظر کے سب نگینے توڑ ڈالو
خوش گمانی اور مروت جو بھی رکھیں
دل تو دل ہیں تم وہ سینے توڑ ڈالو
سب فریب و جور والے کھیل کھیلو
ربط والے سب قرینے توڑ ڈالو
تم کو کیا اس پار کس کا ہے ٹھکانہ
تم سر ساحل سفینے توڑ ڈالو
عصمت و عفت وقار و آبرو پھر
چاہے جس کا ہاتھ چھینے توڑ ڈالو
ہے سنا سا مگر جدا سا لگے (غزل)
ہے سنا سا مگر جدا سا لگے
نام اس کا ہمیں بھلا سا لگے
اس کو چاہا نہیں ہے سمجھا ہے
یہ ریاض اس کو مشغلہ سا لگے
اس کی تہمت میں ہے محبت بھی
ہو کے پتھر بھی آئنہ سا لگے
اس کے ہونٹوں سے نام بھی اپنا
ایک مجذوب کی صدا سا لگے
ایک پل میں لگے وہ ہے یک جاں
دوسرے پل میں دوسرا سا لگے
کیوں نہ پیار آئے ایسے لہجے پر
جس میں غصہ بھی التجا سا لگے
ہم کو سمجھے بغیر چاہا تھا
اس کی الفت تو حادثہ سا لگے
عشق کے ع سے نہیں واقف
وہ جنہیں عشق بد دعا سا لگے
پھر محبت تو شرک ہے اس سے
آدمی ہو کے جو خدا سا لگے