زہرہ نسیم کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
کلیاں چٹک رہی ہیں بہاروں کی گود میں (غزل)
کلیاں چٹک رہی ہیں بہاروں کی گود میں
جلووں کی محفلیں ہیں ستاروں کی گود میں
وہ موج جس کے خوف سے پتوار گر پڑے
کشتی کو لے گئی ہے کناروں کی گود میں
منزل سمٹ کے خود ہی مرے پاس آ گئی
میں سر گراں تھی راہ گزاروں کی گود میں
یوں تو دیئے فریب سہاروں نے عمر بھر
دل کو بڑا سکوں تھا سہاروں کی گود میں
تیرا خیال تیری محبت غم حیات
سب سو گئے ہیں وقت کے دھاروں کی گود میں
مانوس ہو گئی ہوں خزاں سے یہ سوچ کر
کچھ بھی نہیں نسیمؔ بہاروں کی گود میں
اب دل ہے ان کے حلقۂ دام جمال میں (غزل)
اب دل ہے ان کے حلقۂ دام جمال میں
دیکھا نہ تھا جنہیں کبھی خواب و خیال میں
اے تلخئ فراق بجز نالۂ الم
پایا نہ کچھ بھی میں نے امید وصال میں
فطرت نے دے کے عشق کو احساس ضبط شوق
الجھا دیا ہے کشمکش لا زوال میں
بار غم جہاں بھی ہے تیرا خیال بھی
ہیں کتنی وسعتیں دل آشفتہ حال میں
آواز دی ہے تجھ کو تصور نے بارہا
راہ سرور میں کبھی دشت ملال میں
اپنے ہی دل پہ کچھ نہیں موقوف اے نسیمؔ
ہر دل اسیر ہے غم ہستی کے جال میں