پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

زہرہ جمال کی غزلیں — Zohra Jamal Ghazals

زہرہ جمال کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

یاد آئے گی انہیں میری وفا میرے بعد (غزل)

یاد آئے گی انہیں میری وفا میرے بعد

نرم گوشے انہیں بخشے گا خدا میرے بعد

مجھ سے آباد تھی دنیائے محبت اے دوست

ہر طرف ہو گئی تاریک فضا میرے بعد

مہکی مہکی ہوئی رہتی تھی ہر اک پھلواری

باغ میں آتی نہیں باد صبا میرے بعد

غیرت حسن ہے باقی نہ حجاب آنکھوں میں

کھینچ لی کس نے سروں سے یہ ردا میرے بعد

نجد ویران ہوا قیس کے مر جانے سے

دشت میں کوئی نہیں آبلہ پا میرے بعد

جوہی بھی کھلتی تھی آنگن میں مہکتے تھے گلاب

سونی سونی ہوئی ہے گھر کی فضا میرے بعد

بھول جائے گا وہ سب جبر و ستم اپنے جمالؔ

وقت دے گا اسے کچھ ایسی سزا میرے بعد

کہتی ہوں سچ کہ جھوٹ کی عادت نہیں مجھے (غزل)

کہتی ہوں سچ کہ جھوٹ کی عادت نہیں مجھے

اس دور میں کسی سے عداوت نہیں مجھے

سب سے وفا خلوص محبت ہے زندگی

کہنہ روایتوں سے بغاوت نہیں مجھے

سر آنکھوں پر بٹھاتی ہوں مہمان کوئی ہو

دھرتی پہ رہنے والوں سے نفرت نہیں مجھے

رشتوں کا احترام ہے میری نگاہ میں

سرتابیوں سے اس کی شکایت نہیں مجھے

کردار میں تلاش نہ کیجے کوئی شکن

اپنے کسی عمل سے ندامت نہیں مجھے

غم تو یہ ہے کہ تو نے بھی پوچھا نہ آ کے حال

اہل ستم سے کوئی شکایت نہیں مجھے

مزید غزلیں از زہرہ جمال ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں