پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

ذہیب اعظمی کی غزلیں — Zohaib Azmi Ghazals

ذہیب اعظمی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

جاں ہو چکی فرار تجھے دیر ہو گئی (غزل)

جاں ہو چکی فرار تجھے دیر ہو گئی

آنے میں میرے یار تجھے دیر ہو گئی

میت بھی اٹھ گئی مری ماتم بھی ہو چکا

اے میرے غم گسار تجھے دیر ہو گئی

غیروں سے لے لی میں نے محبت ادھار پر

اے میرے قرض دار تجھے دیر ہو گئی

اہل چمن کو راس اب آنے لگی خزاں

ہاں باد نوبہار تجھے دیر ہو گئی

سر پر ہے آفتاب مگر نیند میں ہوں میں

اے صبح کی پکار تجھے دیر ہو گئی

افسوس عمر بھر در توبہ کھلا رہا

لیکن ذہیبؔ یار تجھے دیر ہو گئی

کیا ہی مل جائے گا تم کو مجھے تڑپانے سے (غزل)

کیا ہی مل جائے گا تم کو مجھے تڑپانے سے

روکتے کیوں ہو مجھے اپنے قریب آنے سے

شہر والوں سے کہا اس نے اٹھا کر پتھر

کوئی رشتہ ہی نہیں ہے مرا دیوانے سے

جنت و حور کے قصوں میں مجھے الجھا کر

شیخ جی آپ کہاں چل دئے میخانے سے

منہ سے پھر خون اگلتا ہی پھرے گا شب بھر

گر جو زاہد کبھی پی لے مرے پیمانے سے

یہ مرا شوق مجھے آج کہاں لے آیا

میری میت بھی اٹھی ہے تو کتب خانے سے

میرے حصے میں جو چادر ہے لکھی تو نے خدا

کم نہ پڑ جائے کہیں پاؤں کو پھیلانے سے

مجھ کو اک خواب نے اتنا ہے رلایا کہ ذہیبؔ

اب تو ڈر لگتا ہے پلکوں کو بھی جھپکانے سے

مزید غزلیں از ذہیب اعظمی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں