زہیب امروہوی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
کتنا سادہ شباب لگتی ہو (غزل)
کتنا سادہ شباب لگتی ہو
ایک تازہ گلاب لگتی ہو
آپ حسن و جمال کی صورت
ایک شاعر کا خواب لگتی ہو
آسماں کے سبھی ستاروں میں
اک تمہیں آفتاب لگتی ہو
کیوں نشہ بن کے چڑھ گئیں مجھ پر
ہاں پرانی شراب لگتی ہو
زلف الجھی ہوئی ہے ساون سی
برسا برسا شباب لگتی ہو
جس پہ ہر بار میں اٹکتا ہوں
وہ سوال اے حساب لگتی ہو
چاند چھپتا ہے تم سے شرما کر
کتنی تم لا جواب لگتی ہو
ایک مدت دبی دبی رہ کر
آج تم انقلاب لگتی ہو
مجھ کو دیکھا جو ساتھ غیروں کے
تم تو جل کر کباب لگتی ہو
اب خیالوں میں بھی نہیں ہو تم
اک مکمل عذاب لگتی ہو
تم نے زوہیبؔ کو جو ٹھکرایا
خود بھی خانہ خراب لگتی ہو
محبت میں مری ہوگا اثر آہستہ آہستہ (غزل)
محبت میں مری ہوگا اثر آہستہ آہستہ
ہاں تم ہو جاؤ گے میرے مگر آہستہ آہستہ
نقاب اس نے ہٹائی اپنے چہرے سے ذرا ایسے
کہ بدلی سے نکلتا ہو قمر آہستہ آہستہ
بھلا کیسے بچیں ہم وار سے اس کے بتاؤ تم
یہ جھک کر اٹھ رہی ہے جو نظر آہستہ آہستہ
دبی چنگاریاں دل کی کریدو مت اداؤں سے
کہیں شعلہ نہ بن جائے شرر آہستہ آہستہ
میں حال دل بتا تو دوں مگر رسوائی کا ڈر ہے
ادھر کی بات ہوتی ہے ادھر آہستہ آہستہ
ہوا ذہیبؔ دیوانہ کسی کے عشق میں دیکھو
گلی کوچوں میں پھیلے گی خبر آہستہ آہستہ