پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

زوبیہ بٹ زوبی کی غزلیں — Zobia Butt Zobi Ghazals

زوبیہ بٹ زوبی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

کبھی دنیا کبھی تیری جفا نے مار ڈالا ہے (غزل)

کبھی دنیا کبھی تیری جفا نے مار ڈالا ہے

ہم ایسے لوگ ہیں جن کو وفا نے مار ڈالا ہے

میں ایسا گل تھی جو شاداں و فرحاں تھی گلستاں میں

مجھے اس نے محبت کے بہانے مار ڈالا ہے

میں تازہ سانس لینے آئی تھی اس شہر یاراں میں

مجھے اس شہر کی آب و ہوا نے مار ڈالا ہے

مری آنکھیں ہوئیں پرنم زباں خاموش دل میں غم

مرے ہمدم مجھے تیری عطا نے مار ڈالا ہے

میں کب منکر ہوں رشتوں کے تقدس کی مگر زوبیؔ

کئی مضبوط رشتوں کو انا نے مار ڈالا ہے

جا بہ جا غم کہیں خوشیوں کے مسائل دیکھے (غزل)

جا بہ جا غم کہیں خوشیوں کے مسائل دیکھے

زندہ دل لوگ بھی تو موت کے قائل دیکھے

میں بہت خوش تھی نئے رنگ کے کپڑے لے کر

رو پڑی ہاتھ بھی جب باپ کے گھائل دیکھے

یاد آیا وہ ترے در سے مرا لوٹ آنا

ہاتھ پھیلائے کہیں میں نے جو سائل دیکھے

تھی محبت کے حسیں خواب کی قائل لیکن

اپنی آنکھوں میں کئی اور مسائل دیکھے

کون کنگن مرے ہاتھوں میں سجائے زوبیؔ

کس کو فرصت ہے کہ وہ پاؤں میں پائل دیکھے

مزید غزلیں از زوبیہ بٹ زوبی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں