ضیاء الرحمٰن جعفری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
جہاں ہم جی رہے تھے سر اٹھا کر (غزل)
جہاں ہم جی رہے تھے سر اٹھا کر
وہاں پر کیا ملا پتھر اٹھا کر
بھری برسات اب تک جی رہے ہیں
ابھی تک گاؤں میں چھپر اٹھا کر
کرایہ سب نگل لیتا ہے پیسہ
رہیں ہم کس طرح سے گھر اٹھا کر
ہماری زندگی سے یاوری ہے
کہیں بھی چل دئے گھر بھر اٹھا کر
جہاں دیکھا وہیں چوما ہے میں نے
تمہارے نام کا اکشر اٹھا کر
ہم اس کی سلطنت میں جی رہے ہیں
ہمیں وہ پھینک دیں باہر اٹھا کر
محبت چھوڑ کر اپنی حویلی
سکوں سے چل پڑی بستر اٹھا کر
وہ اپنے گھر کی بھلائی کو دیکھ لیتے ہیں (غزل)
وہ اپنے گھر کی بھلائی کو دیکھ لیتے ہیں
غلط سہی میں بھی بھائی کو دیکھ لیتے ہیں
وہ لوگ میری طرح زہر پی نہیں سکتے
پڑھے لکھے ہیں دوائی کو دیکھ لیتے ہیں
تم اس کے پاس زباں کھولنا طریقے سے
یہ جان کر بھی بڑائی کو دیکھ لیتے ہیں
بڑے غرور میں رکھا ہے تم کو شہرت نے
چلو تمہاری خدائی کو دیکھ لیتے ہیں
ہمیں جو فیصلے کرنے ہیں طے ہیں پہلے سے
مگر روش ہے صفائی کو دیکھ لیتے ہیں