زیب بریلوی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
عشق میں عشق کا عنواں نہیں دیکھا جاتا (غزل)
عشق میں عشق کا عنواں نہیں دیکھا جاتا
درد میں درد کا درماں نہیں دیکھا جاتا
عالم خواب پریشاں نہیں دیکھا جاتا
دل کو احساس بہ داماں نہیں دیکھا جاتا
ان سے کہہ دے کوئی وہ موند لیں آنکھیں اپنی
جن سے نیرنگ گلستاں نہیں دیکھا جاتا
بے خودی میری وہاں لائی جہاں پھر دل سے
عالم ہوش کو گریاں نہیں دیکھا جاتا
میری مستی کو جو سمجھے ہیں بنام مستی
ان سے پیمانۂ انساں نہیں دیکھا جاتا
ان خزاں آشنا آنکھوں سے برنگ فطرت
کیف ہنگام بہاراں نہیں دیکھا جاتا
زیبؔ کیا ہے یہ نظام غم دوراں توبہ
انقلاب غم دوراں نہیں دیکھا جاتا
گلا نہیں کہ کناروں نے ساتھ چھوڑ دیا (غزل)
گلا نہیں کہ کناروں نے ساتھ چھوڑ دیا
مرے سفینے کا دھاروں نے ساتھ چھوڑ دیا
رہ حیات میں منزل کا آسرا کیسا
قدم قدم پہ غباروں نے ساتھ چھوڑ دیا
ہر ایک رخ سے سجا ہوتا زندگی کو مگر
میں کیا کروں کہ بہاروں نے ساتھ چھوڑ دیا
اداس دل نے اگر گیت گنگنایا بھی
شکستہ ساز کے تاروں نے ساتھ چھوڑ دیا
سلگ رہی ہے ابھی تک وہ آگ سینے میں
لگا کے جس کو شراروں نے ساتھ چھوڑ دیا
نظر نواز مذاق نظر نہ زیبؔ ہوا
ترے لطیف اشاروں نے ساتھ چھوڑ دیا