زیب غوری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
گہری رات ہے اور طوفان کا شور بہت (غزل)
گہری رات ہے اور طوفان کا شور بہت
گھر کے در و دیوار بھی ہیں کمزور بہت
تیرے سامنے آتے ہوئے گھبراتا ہوں
لب پہ ترا اقرار ہے دل میں چور بہت
نقش کوئی باقی رہ جائے مشکل ہے
آج لہو کی روانی میں ہے زور بہت
دل کے کسی کونے میں پڑے ہوں گے اب بھی
ایک کھلا آکاش پتنگیں ڈور بہت
مجھ سے بچھڑ کر ہوگا سمندر بھی بے چین
رات ڈھلے تو کرتا ہوگا شور بہت
آ کے کبھی ویرانئ دل کا تماشا کر
اس جنگل میں ناچ رہے ہیں مور بہت
اپنے بسیرے پنچھی لوٹ نہ پایا زیبؔ
شام گھٹا بھی اٹھی تھی گھنگھور بہت
وہ اور محبت سے مجھے دیکھ رہا ہو (غزل)
وہ اور محبت سے مجھے دیکھ رہا ہو
کیا دل کا بھروسا مجھے دھوکا ہی ہوا ہو
ہوگا کوئی اس دل سا بھی دیوانہ کہ جس نے
خود آگ لگائی ہو بجھانے بھی چلا ہو
اک نیند کا جھونکا شب غم آ تو گیا تھا
اب وہ ترے دامن کی ہوا ہو کہ صبا ہو
دل ہے کہ تری یاد سے خالی نہیں رہتا
شاید ہی کبھی میں نے تجھے یاد کیا ہو
زیبؔ آج ہے بے کیف سا کیوں چاند نہ جانے
جیسے کوئی ٹوٹا ہوا پیمانہ پڑا ہو