زیب عثمانیہ کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
خود کو دنیا میں جو راضی بہ رضا کہتے ہیں (غزل)
خود کو دنیا میں جو راضی بہ رضا کہتے ہیں
اپنی ہستی سے وہ اک بات سوا کہتے ہیں
موت آتی ہے تو اک فرض ادا ہوتا ہے
ان کو دھوکا ہے قضا کو جو قضا کہتے ہیں
درد دل کو تری یک گونہ مراعات سے ہے
نکتہ چیں اس کو بھی انداز جفا کہتے ہیں
حرم و دیر ہوئے ترک عمل سے رسوا
دیکھیے اہل عقیدت اسے کیا کہتے ہیں
صورتیں ہیں یہ دو احساس دروں کی اے زیبؔ
حشر میں جن کو سزا اور جزا کہتے ہیں
خاک پر ہی مرے آنسو ہیں نہ دامن میں کہیں (غزل)
خاک پر ہی مرے آنسو ہیں نہ دامن میں کہیں
جو تری راہ میں کھویا گیا پایا نہ گیا
سبب خندۂ گل گل کو نہیں خود معلوم
اس طرح کوئی بھی دیوانہ بنایا نہ گیا
مختلف نغمہ سے ہے قلب مغنی کا راز
جو لب ساز پہ بھی بزم میں لایا نہ گیا
رکھ دیا خلق نے نام اس کا قیامت اے زیبؔ
کوئی فتنہ جو زمانے سے اٹھایا نہ گیا
افلاک کے تاروں میں جلتی بجھتی ہوئی کچھ آوازیں ہیں (نظم)
افلاک کے تاروں میں جلتی بجھتی ہوئی کچھ آوازیں ہیں
کہسار کے پھولوں میں بکھری بہکی ہوئی کچھ آوازیں ہیں
ہے موسم گل کی آمد سے اشکال چمن میں تبدیلی
یا مرغ سحر کی گلشن میں بدلی ہوئی کچھ آوازیں ہیں
زردار کی ہر آواز میں ہے بپھری ہوئی صورت کا نقشہ
مزدور نحیف و بے چارے سہمی ہوئی کچھ آوازیں ہیں
آواز جسے ہم کہتے ہیں تحریک ہے یہ کچھ شکلوں کی
ہم جن کو سمجھتے ہیں شکلیں ٹھہری ہوئی کچھ آوازیں ہیں
وہ گیت ہمیں جو یاد رہے دیکھی ہوئی صورت ہے کوئی
مانوس ہیں جو شکلیں ہم سے جانی ہوئی کچھ آوازیں ہیں
الحاد کے کچھ مے خواروں نے پی لی ہے زیادہ ہی شاید
اطراف دیار مغرب سے بہکی ہوئی کچھ آوازیں ہیں
اے زیبؔ کھویا ہی اپنے ہیں ان کی لغت سے ناواقف
ہر بحر سے موجوں کی صورت اٹھتی ہوئی کچھ آوازیں