پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

ضیا ملک کی غزلیں — Ziya Malik Ghazals

ضیا ملک کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

اپنی آغوش میں پاؤ گے بلا کر دیکھو (غزل)

اپنی آغوش میں پاؤ گے بلا کر دیکھو

صرف آواز محبت سے لگا کر دیکھو

میں نے چاہا تمہیں پوجا تمہیں اپنا جانا

تم بھی اک بار مجھے اپنا بنا کر دیکھو

تم مجھے بھول نہ پاؤ گے یہ دعویٰ ہے مرا

اپنی پلکوں پہ مرے خواب سجا کر دیکھو

کیسی کیسی مری آنکھوں میں ہے دنیا آباد

آؤ اک بار مرے خواب میں آ کر دیکھو

تم مرے نام کی خوشبو سے مہک جاؤ گے

دل کے آنگن میں کبھی پھول کھلا کر دیکھو

دل ہے بے چین تو پل بھر میں قرار آئے گا

میری تصویر کو سینے سے لگا کر دیکھو

مجھ کو معلوم ہے بیٹھا ہوں تمہارے دل میں

تم مجھے بھول نہ پاؤ گے بھلا کر دیکھو

پھر بہک جاؤں تو میرا بھی ملکؔ نام نہیں

اپنی آنکھوں سے کبھی مجھ کو پلا کر دیکھو

حال دنیا اور دنیا کا خرابہ دیکھ کر (غزل)

حال دنیا اور دنیا کا خرابہ دیکھ کر

دل بہت روتا ہے اب اخبار تازہ دیکھ کر

آپ بیٹھے ہیں ابھی تک سامنے تصویر کے

ہم پلٹ آئے کہاں سے اور کیا کیا دیکھ کر

روز ہوتا ہے تماشہ کوئی عبرت کے لئے

تم نہ بن جانا تماشہ وہ تماشا دیکھ کر

ہلکی ہلکی مسکراہٹ تھی لب نادار پر

اس امیر شہر کے ہاتھوں میں کاسہ دیکھ کر

جب ملکؔ لوٹا سفر سے غم کا کتنا بوجھ تھا

ہو گیا دکھ دور ماں کو مسکراتا دیکھ کر

مزید غزلیں از ضیا ملک ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں