ضیاء مذکور کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
بول پڑتے ہیں ہم جو آگے سے (غزل)
بول پڑتے ہیں ہم جو آگے سے
پیار بڑھتا ہے اس رویے سے
میں وہی ہوں یقیں کرو میرا
میں جو لگتا نہیں ہوں چہرے سے
ہم کو نیچے اتار لیں گے لوگ
عشق لٹکا رہے گا پنکھے سے
سارا کچھ لگ رہا ہے بے ترتیب
ایک شے آگے پیچھے ہونے سے
ویسے بھی کون سی زمینیں تھیں
میں بہت خوش ہوں عاق نامے سے
یہ محبت وہ گھاٹ ہے جس پر
داغ لگتے ہیں کپڑے دھونے سے
تم نے بھی ان سے ہی ملنا ہوتا ہے (غزل)
تم نے بھی ان سے ہی ملنا ہوتا ہے
جن لوگوں سے میرا جھگڑا ہوتا ہے
اس کے گاؤں کی ایک نشانی یہ بھی ہے
ہر نلکے کا پانی میٹھا ہوتا ہے
میں اس شخص سے تھوڑا آگے چلتا ہوں
جس کا میں نے پیچھا کرنا ہوتا ہے
تم میری دنیا میں بالکل ایسے ہو
تاش میں جیسے حکم کا اکا ہوتا ہے
کتنے سوکھے پیڑ بچا سکتے ہیں ہم
ہر جنگل میں لکڑہارا ہوتا ہے
مزید غزلیں از ضیاء مذکور ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں